لاہور: پنجاب حکومت نے کوہِ سلیمان میں چھوٹے ڈیمز بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھایا ہے اور اس حوالے سے محکمہ آبپاشی اور نیسپاک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے-
گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور میں محکمہ آبپاشی پنجاب اور نیسپاک کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی- وزیراعلی عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے، واٹر اینڈ ایگریکلچر نیسپاک کے سربراہ سید تجمل حسین رضوی اور پنجاب بیراجز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اعجاز کاشف نے معاہدے پر دستخط کیے-
معاہدے کے تحت 13 ہل ٹورنٹس پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈیمز بنانے کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی کی جائے گی، ڈیمز کی تعمیر کیلئے جدید ترین ڈرون سروے ٹیکنیک استعمال کی جائے گی- اِن ڈیمز کی تعمیر سے منگلا اور تربیلا کے بعد سب سے زیادہ پانی سٹور کرنے کی استعداد حاصل ہو سکے گی-
وزیر اعلی عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ڈیم کی تعمیر کے لئے پائلٹ پراجیکٹ رواں برس جون میں شروع کیا جائے گا، چھوٹے اور انٹرمیڈیٹ ڈیم بننے سے دو لاکھ سے زائد ایکڑ اراضی کو آبپاشی کے لئے پانی میسر ہو گا-
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے 13 دروں کے پانی کو ذخیرہ کیا جائے گا، رودکوہی سیلاب کے خطرات اور نقصانات کم ہوں گے، ابتدائی طور پر ہاتھی موڑ، جلیبی موڑ،کھرمنرو اور تھلانگ میں آبی ذخیرے بنائیں گے، جدید ڈیزائن کی وجہ سے آبی ذخیروں میں سلٹ خودبخود کم ہوگی-
وفاقی وزیر مملکت زرتاج گل، صوبائی وزیر آبپاشی سردار محسن خان لغاری، مشیر صحت محمد حنیف پتافی، چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک، سابق ضلع ناظم سردار عبد القادر خان کھوسہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-