سٹیٹ بینک سکیم کے تحت ہسپتالوں کو 10 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری

28 جنوری 2021ء تک 46 ہسپتالوں اور فارمیسیز کی جانب سے 13 ارب 31 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 43 درخواستیں منظور کی گئیں

616

اسلام آباد: کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں سہولیات میں اضافہ کیلئے سٹیٹ بینک نے فنانس سکیم کے تحت اب تک دس ارب سات کروڑ تیس لاکھ روپے کے قرضہ جات جاری کیے ہیں۔

سٹیٹ بینک نے وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں اپریل 2020ء میں اس سکیم کا آغاز کیا تھا، سکیم کا مقصد وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں، طبی مراکز اور فارمیسیز کی استعداد کار میں اضافہ اور قرنطینہ سہولیات کی فراہمی میں مدد دینا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق اس سکیم کے تحت 28 جنوری 2021ء تک 46 ہسپتالوں، طبی مراکز اور فارمیسیز کی جانب سے 13 ارب 31 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کی درخواستیں موصول ہوئیں۔

کل موصول شدہ درخواستوں میں سے 43 کی منظوری دی گئی اور ان ہسپتالوں و طبی مراکز کو مجموعی طور پر 10 ارب سات کروڑ 30 لاکھ روپے کے قرضوں کا اجراء کر دیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے معاونت کی سکیم کے تحت ہسپتال اور طبی مراکز کے لئے پہلے قرض کی حد 20 کروڑ روپے مقرر کی تھی جسے بعد میں بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دیا گیا۔

مرکزی بینک ملک بھر میں کمرشل بینکوں کو یہ سکیم بلاسود فراہم کر رہا ہے جبکہ دیگر بینک ہسپتالوں یا طبی مراکز کو تین فیصد سالانہ کی شرح سے قرضے فراہم کر رہے ہیں۔ سکیم کے نتیجہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے بڑے پیمانے پر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here