’روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے تحت 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ترسیلات اور ادائیگیاں‘

97 ممالک میں مقیم پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سے استفادہ کر رہے، اب تک 82 ہزار 728 اکائونٹس کھل چکے، روزانہ 60 لاکھ سے 70 لاکھ ڈالر کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو رہی ہیں: وزیراعظم کو بریفنگ

1016

اسلام آباد: گزشتہ پانچ ماہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے روشن پاکستان ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر اور ادائیگیاں کی گئیں۔

جمعرات کو وزیراعظم کی زیرصدارت روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو میسر آنے والی سہولیات کی فراہمی میں پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاونین خصوصی ذوالفقار بخاری، ڈاکٹر وقار مسعود، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک مرتضیٰ سید، سینیٹر فیصل جاوید اور سینیئر افسران شریک تھے۔

اجلاس کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران حوصلہ افزاء دلچسپی اور مستقبل میں جدت کے ساتھ مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ اب تک مختلف براعظموں کے 97 ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ ان ممالک میں اب تک 82 ہزار 728 اکائونٹس کھولے جا چکے ہیں جن کے تحت تقریباََ 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔

اجلاس کے شرکاء کا آگاہ کیا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر تقریباََ 600 سے 700 اکائونٹس کھل رہے ہیں جن میں روزانہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 60 لاکھ سے 70 لاکھ ڈالر کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ’روشن پاکستان ڈیجیٹل اکائونٹ‘ کا افتتاح

روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ، اوورسیز پاکستانیوں کو کون کون سے سہولیات میسر ہیں؟ 

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سب سے زیادہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، برطانیہ اور امریکہ میں رہنے والی پاکسانی روشن ڈیجیٹل اکاونٹ سے مستفید ہو رہے ہیں اور اس کے تحت فنڈز کی ترسیل میں گزشتہ ماہ میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

اجلا س کے شرکاء کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی کامیابی میں وزارت خارجہ، وزارت خزانہ، وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور ایف بی آر کے تعاون کے حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ ان وزارتوں اور سینیٹر فیصل جاوید کے بھرپور تعاون کی بدولت گزشتہ پانچ ماہ میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی کامیابی کا سفر ممکن ہوا۔

شرکاء کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹ ادائیگیوں پر آگاہی، ترسیلات زر میں اضافے کو مزید سہل بنانے اور سمندر پار پاکستانیوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مجوزہ روڈمیپ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں ترسیلات زر اور سرمایہ کاری میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے تحت سہولیات کی فراہمی میں جدت لانے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اکائونٹ کے تحت مزید سہولیات کی فراہمی، خصوصاََ ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو آسان اور سہل بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تجاویز کو جلد حتمی شکل دے کر عملدرآمد ممکن بنایا جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here