روم: اٹلی میں 9 فروری 2021ء سے ٹک ٹاک استعمال کرنے والے تمام صارفین کے اکاﺅنٹس بند کر دیے جائیں گے اور انہیں ہدایت کی جائے گی کہ وہ ایپ کو دوبارہ استعمال کرنے سے قبل اپنی عمر کی تصدیق کروائیں۔
اٹلی کے سوشل اینڈ الیکڑانک میڈیا کے نگران ادارے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی درخواست پر ٹک ٹاک کی بانی چینی کمپنی بائٹ ڈانس نے اٹلی میں اپنے تمام صارفین کی عمر بارے تصدیق کرنے کی حامی بھر لی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی میں 9 فروری سے ٹک ٹاک استعمال کرنے والے تمام صارفین کے اکاﺅنٹس بند کر دیے جائیں گے اور صارفین کو کہا گیا ہے کہ وہ ایپ دوبارہ استعمال کرنے سے قبل اپنی عمر کی تصدیق کروائیں۔
آرٹیفشل انٹیلی جنس نظام کے ذریعے صارفین کی اصل عمروں کی جانچ کی جائے گی اور 13 سال سے کم عمر کے بچے اور بچیوں کے اکاﺅنٹس بند کر دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 22 جنوری کو اٹلی میں ایک 10 سالہ بچی کی ٹک ٹاک پر ایک چیلنج گیم کھیلنے کے دوران دم گھٹنے سے موت واقع ہو گئی تھی جس کے بعد اٹلی کی حکومت نے اس بارے قوانین سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔