’مختلف کمپنیوں کا 830 ارب کے دو لاکھ سے زائد ہائوسنگ یونٹس کی تعمیر کیلئے اظہار دلچسپی‘

809

اسلام آباد: وزارت ہائوسنگ کی جانب وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اب تک 830 ارب روپے مالیت کے دو لاکھ 29 ہزار 295 ہاﺅسنگ یونٹس کی تعمیر کیلئے مختلف کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوا، اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ کابینہ کو نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت کم آمدن افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کے حوالے سے منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت، ٹیکس مراعات، بینک فنانسنگ، مارک اَپ سبسڈی، منظوری کے عمل میں آسانی جیسے اقدامات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

خیبر پختونخوا، ہائوسنگ سوسائٹیوں کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری

غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کی تفصیلات ویب سائٹس پر جاری کرنے کا حکم

سرکاری زمینوں پر قبضے روکنے کیلئے نیشنل ایسیٹ منیجمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ

کابینہ کو بتایا گیا کہ مارک اَپ کی مد میں آدھے سے زیادہ رقم حکومت کی جانب سے دی جا رہی ہے، حکومت کی جانب سے سبسڈی کی مد میں 36 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، پنجاب میں چار ماہ کے دوران تقریبا ً 650 جبکہ سندھ میں 19 منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

چئیرمین نیا پاکستان ہاﺅسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے مراعات کے بعد نجی شعبے کی جانب سے تعمیراتی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری اراضی کے علاوہ نجی زمینوں پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہاﺅسنگ یونٹس کی تعمیر کے حوالے سے اب تک 57 تجاویز موصول ہو چکی ہیں جن میں سے 34 منصوبوں کو منظور کیا جا چکا ہے، ان منصوبوں کے تحت 20 ہزار سے زائد کنال اراضی پر 63 ہزار سے زائد ہائوسنگ یونٹ تعمیر ہوں گے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ پنجاب کی جانب سے ساڑھے نو ہزار کنال کی پیری اربن(Peri-Urban)  اراضی فراہم کی گئی ہے جس سے متعلق 87 منصوبے زیرغور ہیں۔

وزارتِ ہاﺅسنگ کی جانب سے کابینہ کو بتایا گیا کہ سالہا سال سے التواء کا شکار منصوبوں پر کام کے آغاز کے نتیجے میں 35 ہزار یونٹس پر کام جاری ہے جن کی مالیت 139.71 ارب روپے ہے، ان میں سے اکثر منصوبے دو سال میں مکمل کر لیے جائیں گے۔

وزارتِ ہائوسنگ کی جانب سے گزشتہ اور رواں سال شروع کیے جانے والے منصوبوں کے نتیجے میں کُل ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد یونٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ان منصوبوں کی کل مالیت 657.49 ارب روپے ہے (ان میں التواء کا شکار منصوبوں والے یونٹس بھی شامل ہیں)۔

وزارت ہائوسنگ کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ اب تک دو لاکھ 29 ہزار 295 ہاﺅسنگ یونٹس کی تعمیر کیلئے مختلف کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے جن پر غور کیا جا رہا ہے، ان کی مالیت 830 ارب روپے ہے۔

سیکرٹری ہاﺅسنگ نے کابینہ کو ملک بھر کے مختلف حصوں میں شروع کیے جانے والے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، اس کے علاوہ اربن ری جنریشن کے منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شروع کیے جانے والے تعمیراتی منصوبوں کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here