جاپان کو پاکستانی برآمدات میں 11 فیصد، درآمدات میں 8 فیصد کمی

698

اسلام آباد:پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران کمی کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے، مالی سال کی پہلی ششماہی میں جاپان کو پاکستانی برآمدات اور جاپان سے درآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران جاپان کو پاکستانی برآمدات کا حجم آٹھ کروڑ 90 لاکھ 20 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 11.92 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں جاپان کو پاکستانی برآمدات کا حجم نو کروڑ 96 لاکھ 40 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: 

جنوری میں پاکستان کی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ

جاپان پولیو ویکسین خریدنے کیلئے پاکستان کو 4.57 ملین ڈالر گرانٹ دیگا

اعدادوشمارکے مطابق دسمبر 2020ء میں جاپان کو ایک کروڑ 47 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئیں جبکہ دسمبر 2019ء میں جاپان کو پاکستانی برآمدات کا حجم ایک کروڑ 55 لاکھ 30 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں جاپان سے درآمدات میں 8.60 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی سے لیکر دسمبر 2020ء تک کی مدت میں جاپان سے درآمدات کا حجم 54 کروڑ 93 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 59 کروڑ 65 لاکھ 50 ہزار ڈالر تھا۔

دسمبر 2020ء میں جاپان سے 14 کروڑ 7 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی درآمدات کی گئیں جبکہ دسمبر 2019ء میں جاپان سے درآمدات کا حجم آٹھ کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مالی سال 2020ء میں جاپان کو پاکستان کی برآمدات کا مجموعی حجم 18 کروڑ 62 لاکھ 70 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here