سات ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 11 فیصد اضافہ

جولائی 2020ء سے جنوری 2021ء کے دوران فرنس آئل کی فروخت 37 فیصد اضافہ کیساتھ 19 لاکھ 16 ہزار ٹن، ہائی سپیڈ ڈیزل 12 فیصد اضافہ کیساتھ 42 لاکھ 88 ہزار ٹن اور پٹرول کی فروخت 6 فیصد اضافہ کیساتھ 47 لاکھ 40 ہزار ٹن رہی

539

اسلام آباد: پاکستان میں فرنس آئل، ہائی سپیڈ ڈیزل اور پٹرول کی طلب بڑھنے سے رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس عرصہ میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت ایک کروڑ 12 لاکھ 58 ہزار ٹن رہی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق جولائی 2020ء سے جنوری 2021ء کے دوران فرنس آئل کی فروخت 37 فیصد اضافہ کے ساتھ 19 لاکھ 16 ہزار ٹن، ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت 12 فیصد اضافہ کے ساتھ 42 لاکھ 88 ہزار ٹن  رہی ہے۔

اسی طرح پٹرول کی فروخت 6 فیصد اضافہ کے ساتھ 47 لاکھ 40 ہزار ٹن رہی ہے۔ موسم سرما میں گیس کی فراہمی کے مسائل کی وجہ سے فرنس آئل کی فروخت میں زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا اور بجلی کے شعبہ کی طرف سے فرنس آئل کی طلب بڑھ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ میں سی این جی کی مسلسل بندش اور ملک کے دیگر حصوں میں گیس بحران کے کار اور رکشہ مالکان نے گیس کی بجائے پٹرول استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، اس وجہ سے بھی ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے مطابق رواں مالی سال کے دوران کاروں اور لائٹ کمرشل وہیکلز  کی فروخت بھی بڑھی ہے، کاروں کی فروخت میں 13 فیصد، جیپوں کی فروخت میں 134 فیصد پک اپ گاڑیوں کی فروخت میں 32 فیصد جبکہ موٹرسائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے جو ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی طلب اور کھپت میں اضافے کا سبب بنا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here