پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ گیمنگ انڈسٹری سے حقیقی معاشی فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، نوجوانوں کو پیسہ بنانے اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے کا نیا موقع دیں گے، خیبرپختونخوا حکومت ٹیکنالوجی سے معیشت کو بہتر بنانے کے منصوبوں کا آغاز رہی ہے۔
ایک بیان میں ضیا اللہ بنگش نے کہا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے نئی گیمز بنانے کے لیے ایک بجٹ مختص کرنے پر غور کر رہے ہیں جس کے ذریعے بچوں کو گیم ڈیویلپمنٹ کی تربیت دلوائی جائے گی اور نئے آئیڈیاز پر کام کر کے دنیا کے سامنے بہترین گیمز متعارف کروائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے:
ویڈیو گیمنگ کے فروغ کیلئے سائنس فانڈیشن اور سپورٹس بورڈ کا معاہدہ
خیبرپختونخوا حکومت نے پہلے سرکاری محکمہ میں ای آفس سسٹم متعارف کرا دیا
انہوں نے کہا کہ گیمنگ انڈسٹری دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی پانے والی صنعتوں میں سے ایک ہے، یوٹیوبرز کی طرح اب گیمرز کے لیے بھی آگے بڑھنے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد خیبرپختونخوا میں گیمنگ انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے، صوبے میں بہت ساری ورچوئل گیمز کمپنیاں موجود ہیں، پاکستان کے باقی شہروں سے بھی گیمنگ انڈسٹری سے وابسطہ کمپنیوں کو خیبرپختونخوا مدعو کیا جائے گا اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔
ضیا اللہ بنگش نے کمپنیوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کہا کہ جو بھی خیبرپختونخوا میں اپنا سیٹ اپ لگانا چاہتے ہیں صوبائی حکومت بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کرے گی۔ بہت جلد ورچوئل گیمنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں گے جس میں خیبرپختونخوا اور پورے پاکستان کے نوجوان حصہ لے سکیں گے۔