اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ جنوری 2021ء میں بھی پاکستانی برآمدات میں اضافہ کا رجحان برقرار ہے اور آٹھ سالوں کے بعد پہلی مرتبہ برآمدات مسلسل چوتھے ماہ دو ارب ڈالر سے زیادہ رہی ہیں۔
مشیر تجارت نےایک ٹویٹ میں کہا کہ جنوری 2021ء میں پاکستان کی برآمدات آٹھ فیصد اضافے کے ساتھ دو ارب 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ سال جنوری میں برآمدات کا حجم ایک ارب 97 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
عبدالرزاق دائود کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران پاکستان کی برآمدات 5.5 فیصد اضافے سے 14 ارب 24 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک جا پہنچی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران یہ برآمدات 13 ارب 50 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پرعزم برآمدکنندگان نے کورونا وائرس وبا اور بیرونی منڈیوں میں مندی کے باوجود برآمدات بڑھائی ہیں جس پر برآمدکنندگان مبارک باد کے مستحق ہیں۔