کوویکس پاکستان کو کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں فراہم کریگا

932

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسدعمر نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین کی خوراکیں جون 2021ء تک ملنے کا خط موصول ہوگیا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اسد عمر نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے کم آمدن والے ممالک کو ویکسین فراہمی کے کوویکس پروگرام کی جانب سے ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا خط موصول ہوا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کوویکس سے کورونا ویکسین فروری سے ملنا شروع ہو گی جبکہ 60 لاکھ ویکسین مارچ تک مل جائے گی، تمام ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں جون 2021ء تک موصول ہو جائیں گی، کوویکس سے ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا معاہدہ آٹھ ماہ پہلے کیا تھا۔

واضح رہے کہ کوویکس عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا پروگرام ہے جس کے تحت ترقی پذیر ممالک کو ان کی 20 فیصد آبادی کے لیے مفت ویکسین دی جائے گی ،پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) میں ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ چین سے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ لینے کے لیے ایک خصوصی جہاز اتوار (31 جنوری) کو چین روانہ ہو گا۔

این سی او سی کے اجلاس میں پاکستان میں ویکسین لگانے کی حکمت عملی اور انتظامی اقدامات اور اس کی پہلی کھیپ کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ویکسین کی اسلام آباد میں سٹوریج کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔ صوبوں کو ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں، خاص کر سندھ اور بلوچستان کو ہوائی جہاز کے ذریعے ویکسین منتقل کی جائے گی۔
این سی او سی میں ویکسین نرو سنٹر بھی بنایا گیا ہے جب کہ صوبائی اور ڈسٹرکٹ لیول پر ویکسین کوارڈی نیشن اینڈ ایڈمنسٹریشن سنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here