مسقط: اومان کی وزارت محنت نے کمپنیوں کیلئے غیرملکی ملازمین رکھنے پر فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے، ایسا زیادہ سے زیادہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کیلئے کیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت محنت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ فیسوں کے نئے ڈھانچے میں اعلی عہدوں پرغیرممالک کے شہریوں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے پانچ ہزار 198 ڈالر، درمیانے درجے کے عہدوں کیلئے دو ہزار 600 ڈالر اور تکنیکی اور ہنرمند کارکنوں کیلئے ایک ہزار 561 ڈالر فیس ادا کرنا ہو گی۔
یہ فیصلہ سلطنت عمان میں مختلف ملازمتوں کے قومیانے کے پروگرام ‘اومانائزیشن’ میں بتدریج اضافے کیلئے کیا گیا ہے اور وژن 2040ء کا حصہ ہے جس کا مقصد ملازمتوں میں مقامی شہریوں کی تعداد 40 فیصد بڑھانا ہے۔
وزارت محنت کے مطابق کچھ صنعتوں میں ہر غیرملکی ملازم کی خدمات کے حصول کیلئے ایک مخصوص فیس ہو گی۔ ایک غیر ملکی ماہی گیر کی خدمات حاصل کرنے کیلئے کمپنیوں کو تقریباََ 938 ڈالر ادا کرنا ہوں گے جبکہ دوسری صنعتوں میں ہر عہدے پر غیر ملکی ملازمین کی تعداد کے لحاظ سے فیس میں اضافہ ہو گا۔
کمپنیوں کو ملازمت میں تبدیلی اور کسی بھی ملازم کی ملازمت کی حیثیت کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے اضافی فیس بھی ادا کرنا ہو گی تاہم چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے مالکان کو کچھ استثنیٰ دیا گیا ہے۔