اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات پر نظرثانی شدہ منافع کے مارجن کا فیصلہ کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں اسدعمر، اعظم خان سواتی، حماد اظہر، عبدالرزاق داد، علی حیدرزیدی، ڈاکٹرعشرت حسین، سید فخرامام، ڈاکٹر وقارمسعود، تابش گوہر اور گورنرسٹیٹ بینک رضا باقر نے شرکت کی۔
اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات پر نظرثانی شدہ منافع کے مارجن سے متعلق سمری پیش کی گئی، تفصیلی مشاورت کے بعد ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ مجوزہ ریٹس میں اضافہ سے متعلق فیصلہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے تفصیلی سٹڈی کے بعد کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹر وقار مسعود کی قیادت میں ذیلی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، کمیٹی کے ارکان میں معاون خصوصی توانائی تابش گوہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیراعظم کے مشیر پیٹرولیم ندیم بابر شامل ہیں۔
یہ کمیٹی پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی سٹڈی کا جائزہ لے گی اور اس کی روشنی میں ای سی سی کے سامنے سمری پیش کی جائے گی۔
ٹیکسٹائل اینڈ ایپرل پالیسی 2020-25ء
اجلاس میں ٹیکسٹائل اینڈ ایپرل پالیسی 2020-25ء کا جائزہ لیا گیا، ای سی سی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہرکو ذیلی کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ٹیکسٹائل پالیسی میں پاور سیکٹرسے متعلق سفارشات پر تفصیلی مشاورت ہو سکے۔ یہ پالیسی آئندہ چند ہفتوں میں منظوری کیلئے دوبارہ ای سی سی میں پیش کی جائے گی۔
سوئی سدرن کمپنی کو گیس فراہمی کی منظوری
اجلاس میں 300 میگاواٹ کول پاور پراجیکٹ گوادر کیلئے عمل درآمد معاہدہ، سپلیمینٹل معاہدہ اور پاور پرچیز ایگری منٹ کے ضمن میں پاور ڈویژن کی سمری کی منظوری دی گئی۔
وزارت توانائی کی تجویز پر ای سی سی نے ماڑی پیٹرولیم کمپنی لیمیٹڈ کے سوجال وَن، سوجال ایکس وَن اورعقیق وَن ویلز سے سوئی سدرن کمپنی کو 22 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کی منظوری دیدی۔
کوئٹہ اور تفتان میں زیارات ڈائریکٹوریٹ بنانے کی منظوری
اجلاس میں سیکرٹری وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے زائرین منیجمنٹ پالیسی پیش کی، اس کا مقصد زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو مربوط بنانا ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کوئٹہ اور تفتان میں زیارات ڈائریکٹوریٹ آفس کے قیام کی منظوری دیدی جس پر تین کروڑ 85 روپے لاگت کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں مشہد، کربلا اور بغداد میں زیارات ڈائریکٹوریٹ دفاتر کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا، ای سی سی نے وزارت مذہبی امور کو وزارت امور خارجہ کے ذریعہ میزبان ممالک کی رائے اور منظوری حاصل کرنے کی ہدایت کر دی۔
نیشنل الیکٹریسٹی پالیسی
اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے نیشنل الیکٹریسٹی پالیسی 2021ء پیش کی گئی، تفصیلی مشاورت کے بعد ای سی سی نے یہ پالیسی کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کو بھیجتے ہوئے ہدایت کی کہ اگر یہ معاملہ ای سی سی کے دائرہ کار میں آتا ہے تو اسے سفارشات و تجاویز کے ہمراہ ای سی سی کے اجلاس میں دوبارہ لایا جائے، ای سی سی نے مشاورتی عمل میں تمام صوبوں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں بارانی علاقوں کی ترقی کیلئے 42 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، یہ رقم وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے اپنے فنڈز سے دینے کی حامی بھری تھی۔