پاکستان اور کویت کا معیشت، تجارت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

629

اسلام آباد: پاکستان اور کویت نے معیشت، تجارت، تیل و گیس، توانائی، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کو کویت کے نائب وزیر خارجہ علی سلیمان السعید کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے سیکرٹری وزارت اقتصادی امور نور احمد سے ملاقات کی۔ سیکرٹری اقتصادی امور نے کویتی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے مفاد کیلئے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے پر زور دیا۔

سیکرٹری اقتصادی امور نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کی مالی معاونت میں کویت کی فراخدلانہ تعاون، کوویڈ-19 سے پیدا ہونے والی صورت حال پر قابو پانے میں کویت فنڈ کی جانب سے پاکستان کے قرضوں کی معطلی پر تعریف کی۔

ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان اقتصادی تعلقات کا جائزہ لیا گیا، فریقین نے معیشت، تجارت، تیل و گیس، توانائی، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

سیکرٹری اقتصادی امور نے بنیادی ڈھانچہ، توانائی اور سماجی شعبہ کے مختلف منصوبوں میں کویت فنڈ کے ساتھ فریم ورک ایگریمنٹ پر دستخط کی ضرورت پر زوردیا جبکہ فریقین نے مستقبل قریب میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے اگلے اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا۔

کویت کے نائب وزیر خارجہ علی سلیمان السعید نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعاون کی نئی راہوں کی سمت کا تعین کرے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here