طیارہ ضبطی، پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کے مابین معاملات طے

590

اسلام آباد: ملائیشیا میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ضبط کئے گئے طیارے کے حوالے سے پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کے مابین معاملات طے پا جانے کے بعد ملائیشیا کی عدالت نے کیس خارج کر دیا، طیارہ آئندہ دو روز میں واپس پہنچے گا-

قومی ائیر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں کمپنیوں کی باہمی رضامندی سے ملائیشیا کی عدالت نے کیس خارج کر دیا ہے اور طیارہ پی آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے جہاز کو مسافر پرواز کے طور پر آپریٹ کرکے واپس لے کر آئے گی، طیارہ واپس لانے کیلئے عملے کو پاکستان سے روانہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ کیوں روکا گیا؟

طیارہ ضبطی، پاکستان کا مقدمے کی پیروی کا عندیہ

طیارہ ضبطی، لیز ادائیگی نہ کرنے پر پالپا کی پی ائی اے کی مذمت

واضح رہے کہ 15 جنوری کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا مسافر طیارہ بوئنگ 777 ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پر کوالالمپور ایئرپورٹ پر روک لیا گیا تھا۔

پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ائیرلائن اور ایک دوسرے فریق کے مابین برطانوی عدالت میں قانونی تنازع زیر التوا ہے جس کے تناظر میں ملائیشیا کی مقامی عدالت کے دیے گئے یک طرفہ فیصلے پر پی آئی اے کے طیارے کو اس وقت روکا گیا جب مسافر اس میں سوار ہو چکے تھے اور طیارہ اڑان بھرنے کو تیار تھا۔

کوالالمپور ہائی کورٹ کے حکم  نامے کے مطابق مقدمے کی مدعی پیریگرین ایوی ایشن چارلی لمیٹڈ نامی کمپنی ہے جبکہ یہ معاملہ دو طیاروں سے متعلق ہے جو پی آئی اے نے 2015ء میں آئیرلینڈ کی کمپنی ائیرکیپ (AerCap) سے حاصل کیے تھے۔ دونوں طیارے اس پورٹ فولیو کا حصہ ہیں جو 2018ء میں ائیرکیپ نے پیریگیرین ایوی ایشن لمیٹڈ کو فروخت کر دیا تھا جو کہ این سی بی کیپٹل نامی کمپنی کا انویسٹمنٹ یونٹ ہے اور ایوی ایشن انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرتا ہے۔

کوالالمپور ہائی کورٹ کے جاری کردہ حکم امتناع کے مطابق پی آئی اے کے ائیرکیپ سے حاصل کردہ دونوں طیاروں کو کوالالپمور کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر لینڈ یا پارک کرنے کے بعد عدالتی فیصلہ آنے تک دوبارہ اڑان بھرنے سے روکا گیا تھا۔ جن طیاروں کو روکنے سے متعلق حکم امتناع جاری کیا گیا ہے ان میں بوئنگ 777- 200ER سیریل نمبر 32716 اور بوئنگ 777- 200ER سیریل نمبر 32717  شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here