2023ء تک پاکستان کی جی ڈی پی میں موبائل فون انڈسٹری کا حصہ 6.6 فیصد ہو گا

فائیوجی کی آمد سے معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ، ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ کرنے کی رفتار 10 گنا بڑھ جائے گی، معیشت میں موبائل فونز کی صنعت کا حصہ 24 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گا، رپورٹ

861

اسلام آباد: وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے مطابق سال 2020ء کے دوران تھری جی اور فور جی سروسز میں توسیع کے نتیجہ میں پاکستان میں ڈیٹا کے استعمال میں 77 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں 96 فیصد گھروں میں موبائل فون کی سہولت موجود ہے، اکتوبر 2020ء تک ملک میں موبائل فونز کے استعمال کی شرح 81.1 فیصد تک بڑھ چکی تھی جبکہ موبائل فونز صارفین کی تعداد 17 کروڑ 23 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

’500 سے زائد جاپانی آئی ٹی کمپنیاں پاکستان آنا چاہتی ہیں‘

پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس میں 44 فیصد اضافہ

پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس دو ارب سے بڑھنے کا امکان

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020ء کے دوران براڈ بینڈ صارفین میں 17 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اکتوبر 2020ء کے خاتمہ تک ملک میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 9 کروڑ 10 لاکھ تک بڑھ چکی تھی جبکہ براڈبینڈ خدمات سے استفادہ کی شرح 42.4 فیصد تک بڑھ گئی۔

مزید برآں گزشتہ مالی سال میں فورجی صارفین میں 60 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، تھری اور فورجی خدمات کی فراہمی میں توسیع کے نتیجہ میں گزشتہ مالی سال کے دوران ڈیٹا کے استعمال میں 77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب جی ایس ایم ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ فائیوجی ٹیکنالوجی کی سہولت سے پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور معیشت میں موبائل فونز کی صنعت کا حصہ 24 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق 2023ء تک پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں موبائل انڈسٹری کا حصہ 6.6 فیصد تک پہنچ جائے گا، ملک میں فائیوجی ٹیکنالوجی آنے سے ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ کرنے کی رفتار 10 گنا بڑھ جائے گی اور معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here