’ہر 15 دن بعد آئی ٹی کا نیا منصوبہ پیش کریں گے‘

یونیورسل سروس فنڈ کے تحت ضلع جہلم اور چکوال کے 263 پسماندہ علاقوں کیلئے تیزترین موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے منصوبے کیلئے معاہدہ پر دستخط

627

اسلام آباد: وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ وبا کے دوران جہاں پوری دنیا میں کاروبار اور معیشت کا برا حال تھا، وہاں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اس سے منسلک تمام اداروں نے عام افراد تک آئی ٹی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔

گزشتہ روز یونیورسل سروس فنڈ کے تحت ضلع جہلم اور چکوال میں تیزترین موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے منصوبے کیلئے معاہدہ پر دستخط کیے گئے۔

اس موقع پر سیکریٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)عامر عظیم باجوہ سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ یونیورسل سروس فنڈ کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں جس نے چھ ماہ کے دوران ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی، موبائل نیٹ ورک میں توسیع اور فائبر آپٹک بچھانے کیلئے 14 ارب روپے سے زائد کے مختلف منصوبے منظور کئے۔

ضلع جہلم اور چکوال میں موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے معاہدہ پر دستخط کی تقریب، وزیر آئی ٹی امین الحق، سیکریٹری آئی ٹی شعیب صدیقی، چیئرمین پی ٹی اے عامر باجوہ و دیگر موجود ہیں (فوٹو: پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ)

انہوں نے کہا کہ ہم عوام سے کئے گئے وعدے پر قائم ہیں، ملک کے طول و عرض کیلئے بلاامتیاز منصوبے تیار کئے گئے ہیں، عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر 15 دن بعد ایک نیا منصوبہ پیش کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی مصنوعات کی برآمدی ترسیلات ہمارے وژن کی واضح مثال ہے جو جولائی تا دسمبر کے مختصر عرصہ میں 40 فیصد اضافے کے ساتھ 958 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہا کہ یونیورسل سروس فنڈ کے اس پراجیکٹ اور کئی دیگر منصوبوں سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کیلئے جاز نیٹ ورک اپنا موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں تک براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے منصوبوں کی تکمیل کو اپنے لئے چیلنج بنایا ہوا ہے، وفاقی وزیر کی جانب سے دی گئی ٹائم لائن کے مطابق ان پر عمل درآمد ہو گا۔

حارث چوہدری نے منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ جہلم اور چکوال کے 263 پسماندہ علاقوں کیلئے 25 کروڑ روپے سے زائد کے منصوبے کے تحت تیز ترین موبائل براڈ بینڈ سروسز فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ کی نیلامی جاز نیٹ ورک نے جیتی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وقت پر یہ منصوبہ پورا ہو گا جس سے لاکھوں رہائشیوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here