اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کی درآمد کے حوالے سے وزارت صحت کی جانب سے دی گئی سفارشات کی منظوری دیدی۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران کورونا ویکسین کی درآمدا کے حوالے سے وزارت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ارکان نے اتفاق رائے سے سفارشات کی منظوری دے دی۔
واضح رہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) چین کی بنائی گئی سائینو فارم اور برطانوی کمپنی آسٹرا زینیکا کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے چکی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق چینی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے دی تھی جس کا اجلاس 14 سے 18 جنوری تک ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
غریب ممالک کو ویکسین فراہمی، ڈبلیو ایچ او کا فائزر سے معاہدہ
پاکستان میں دو کورونا ویکسینز کے ہنگامی استعمال کی اجازت
چین 31 جنوری تک پاکستان کو پانچ لاکھ ویکسینز تحفتاََ دے گا
پاکستان نے پہلے فیز کیلئے کورونا ویکسین سائینو فارم سے لینے کا اعلان کیا تھا جبکہ چینی حکومت نے بھی رواں ماہ کے اختتام کے پانچ لاکھ خوراکیں تحفتاََ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل 17 جنوری کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تصدیق کی تھی کہ ڈریپ نے ایسٹرا زینیکا ویکسین کی ہنگامی صورت حال میں استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ پاکستان میں پہلی سہ ماہی کے اندر ناصرف کورونا ویکسین آ جائے گی بلکہ لگنی بھی شروع ہو جائے گی، پہلے مرحلے میں ترجیحی بنیادوں پر طبی عملے کو ویکسین لگائی جائے گی اور تقریباً تین لاکھ ہیلتھ کیئر ورکرز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔