پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انویسٹر ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ

741

لاہور: پنجاب حکومت میں سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے خصوصی انویسٹر ہیلپ لائن قائم کرنے کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔

معاہدہ پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی بی آئی ٹی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) جلال حسن اور ڈی جی ای گورننس پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ساجد لطیف نے دستخط کئے۔

اس معاہدے کی رو سے سٹیزن کانٹیکٹ سنٹر سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کو معلومات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی شکایات کے ازالہ کیلئے پی بی آئی ٹی کے نمائندہ کے طور پر اپنی خدمات مہیا کرے گا۔

معاہدے کے مطابق سٹیزن کانٹیکٹ سنٹر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے آراء پر مشتمل کالز کی خدمات بھی مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔

ان دونوں محکمہ جات کے درمیان اس معاہدے کو اس حوالے سے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے کہ اس کے توسط سے سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کو ہمہ وقت فون پر مدد کی سہولت میسر آ جائے گی جسے پنجاب میں دیرپا ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی مد میں ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

معاہدہ پر دستخط کی تقریب کے موقع پر پی بی آئی ٹی کی چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر ارفع اقبال، سٹیزن کانٹیکٹ سنٹر کے جوائنٹ ڈائریکٹر علی زیب سمیت پنجاب بورڈ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here