پی آئی اے رضاکارانہ علیحدگی سکیم، ساڑھے 9 ارب روپے گرانٹ منظور

670

اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی رضاکارانہ علیحدگی سکیم کے لیے ساڑھے 9 ارب روپے گرانٹ کی منظوری دے دی۔

قومی ائیرلائن نے حکومت سے رضاکارانہ علیحدگی سکیم کے تحت ملازمین کے لیے گرانٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی جس پر نظرثانی کے بعد حکومت کی جانب سے فنڈز جاری کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔

صدر مملکت کی منظوری کے بعد فنانس سیکرٹری نے بھی اس حوالے سے پی آئی اے کو فنڈز منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیے:

پی آئی اے کے 13 سو ملازمین کی رضاکارانہ علیحدگی کی درخواست

پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل کیلئے ایک اور مالی پیکج جاری ہونے کا امکان

یہ مدِ نظر رہے کہ رضاکارانہ علیحدگی سکیم کے تحت پی آئی اے کے 1300 سے زائد ملازمین نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

قومی ائیرلائن نے ادارے کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے موجودہ افرادی قوت میں سے آدھے ملازمین کو قبل از وقت ریٹائر کرنے کی سکیم متعارف کرائی جس کے تحت ساڑھے سات سو ملازمین کو ریٹائر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ رضاکارانہ علیحدگی سکیم کے بعد لازمی ریٹائرمنٹ کی سکیم متعارف کرائی جائے گی جس کے تحت ملازمین کو غیرتسلی بخش کارکردگی کی بنیاد پر نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔

ائیرلائن کی آدھی افرادی قوت کو فارغ کرنے کے علاوہ پی آئی اے نے اپنے ہیڈ آفس سمیت فلائٹ سروسز ڈویژن، کمرشل ڈیپارٹمنٹ اور ہیومن ریسورس ڈویژنز کو جنوری 2021ء کے آخر تک اسلام آباد منتقل کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے جو قومی ائیرلائن کی تنظیمِ نو کا حصہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here