پہلی ششماہی کے دوران کس ملک نے پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی؟

927

اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاور سیکٹر میں سب سے زیادہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ چین سب سے بڑا سرمایہ کار ملک رہا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران پاور سیکٹر میں سب سے زیادہ 43 کروڑ 49 لاکھ ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی ہے۔

تھرمل پاور پراجیکٹس میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سات کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اس شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم پانچ کروڑ 45 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

پن بجلی منصوبوں میں جاری مالی سال کے پہلے نصف میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 93.58 فیصد کا اضافہ ہوا، جولائی سے دسمبر تک ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں میں ایف ڈی آئی کا حجم 10 کروڑ 57 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں پانچ کروڑ 46 لاکھ ڈالر تھا۔

یہ بھی پڑھیے: 

پہلی ششماہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 30 فیصد کی نمایاں کمی

آٹوموبائل آلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد اضافہ

انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 194 فیصد اضافہ

اسی طرح کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 25 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں اس شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 15 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

مالیات دوسرا بڑا شعبہ رہا ہے جس میں پہلی ششماہی کے دوران 14 کروڑ 59 ہزار ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری آئی، اسی طرح تیل و گیس کی تلاش کے شعبہ میں تیسری بڑی یعنی 12 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے والے تین بڑے شعبوں میں مواصلات، پاور اور مالیات کے شعبہ جات شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں مواصلات کے شعبہ میں سب سے زیادہ 43 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ دوسرا بڑا شعبہ پاور پروڈکشن کا تھا جس میں 26 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ایف ڈی آئی کی گئی اسی طرح  16 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری وصول کرنے والا تیسرا بڑا شعبہ مالیات کا رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں چین 35 کروڑ 89 لاکھ ڈالر کی ایف ڈی آئی کے ساتھ سب سے بڑا سرمایہ کار ملک رہا ہے جبکہ آٹھ کروڑ 63 لاکھ ڈالر کے ساتھ ہانگ کانگ دوسرا اور سات کروڑ 23 لاکھ ڈالر ایف ڈی آئی کے ساتھ ہالینڈ تیسرا بڑا ملک رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران چین نے 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، ناروے نے 28 کروڑ 85 لاکھ ڈالر اور مالٹا نے 11 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here