اسلام آباد: مالی سال 2020-21ء کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران انفارمیشن اینڈ کمیونکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) سروسز کی برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم وزارتِ تجارت نے مذکورہ برآمدات رواں برس دو ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
وزارتِ تجارت کے حکام کے مطابق خدمات کے شعبے کی برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ ٹیلی کام اور آئی سی ٹی سروسز میں ہوا، مالی سال 2021ء کی پہلی ششماہی کے دوران یہ برآمدات 40 فیصد اضافے سے 95 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران یہ برامدات 68 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھیں۔
جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران خدمات کے شعبے میں پاکستان کی گلوبل ٹریڈ پر بحث کے لیے وزارتِ تجارت میں مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد کی زیرِ صدارت ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ آئی سی ٹی جلد پاکستان کی معیشت کا ایک اہم شعبہ بن جائے گا کیونکہ رواں برس مذکورہ شعبے کی برآمدات دو ارب ڈالر تک رہنے کا امکان ہے۔
مشیرتجارت کو بتایا گیا کہ رواں برس کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان کی خدمات کے شعبے کی مجموعی برآمدات گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دو ارب 83 کروڑ 50 لاکھ ڈالرکے مقابلے میں دو ارب 84 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب مالی 2021ء کی پہلی ششماہی کے دوران گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں خدمات کے شعبے کی درآمدات 15.7 فیصد کمی سے تین ارب 28 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے:
پانچ ماہ میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کا حجم 64 کروڑ 89 لاکھ سے زائد ہو گیا
انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 194 فیصد اضافہ
اس دوران زیرجائزہ عرصے کے دوران انشورنس اینڈ پینشن سروسز کی برآمدات میں 21 فیصد، فناشنل سروسز 26 فیصد جبکہ دیگر کاروباری (مشاورتی) خدمات میں دو فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تاہم سفری خدمات کے شعبے کی برآمدات میں 28 فیصد اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کی خدمات میں 18 فیصد کمی دیکھی گئی جس کی بنیادی وجہ کورونا وائرس کا پیدا کردہ معاشی بحران ہے۔
مشیر تجارت رزاق داؤد نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خدمات کے شعبے کی برآمدات میں مثبت رجحان ظاہر ہو رہا ہے، عالمی سطح پر براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری اور تجارت کے اعتبار سے مقامی اور بین الاقوامی معشیت میں سروسز کا کلیدی کردار ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی کی وجہ سے سروسز کے شعبے میں تجارتی توازن میں بہتری آئی ہے۔
ایک ٹویٹ میں مشیر تجارت نے آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2020 میں آئی ٹی برآمدات بڑھ کر 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گئی ہیں، 2019 میں یہ برآمدات 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھیں۔
انہوں نے کہا کے جولائی تا دسمبر 2020ء میں ان برآمدات میں پچھلے سال کی اسی عرصے کے مقابلے میں چالیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آئی ٹی کی برآمدات پاکستان کی کل خدمات کی برآمدات کا 33 فیصد ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال آئی سی ٹی کی برآمدات دو ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔