’ٹینک بنا رہے ہیں، کاریں نہیں بنا سکتے‘

الیکٹرک وہیکلز پالیسی کے نفاذ کے طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دی جائیگی، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری

877

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت معیشت کو فروغ دینے، آلودگی کی سطح کم کرنے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں روزگار پیدا کرنے کے لئے ملک میں برقی گاڑیوں (الیکٹرک وہیکلز) کے لئے پالیسی کے کامیاب نفاذ کے طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دے گی۔

جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ برقی گاڑیوں کے اجراء میں تاخیر ہوئی ہے لیکن امید ہے جلد ہی اس کے اجراء کا حتمی فیصلہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ برقی گاڑیوں کے منصوبے کی تجاویز کو منظوری کے لئے جلد صدر مملکت عارف علوی کو پیش کر دیا جائے گا۔ چار پہیوں کے لئے الیکٹرک وہیکلز پالیسی میں گاڑیوں کی درآمد، برآمد، ٹیکس، رجسٹریشن اور کسٹم ڈیوٹی سے متعلق متعدد نئے قوانین بنائے گئے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عوام اس نئی پالیسی کے تحت ٹرانسپورٹ کی سستی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے کیونکہ حکومت ملک میں الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

چھ ماہ میں پاکستان ایکسرے اور ڈائیلائسز مشینیں تیار کریگا: فواد چوہدری

فواد چوہدری سیالکوٹ کو گوادر جیسا درجہ دینے کا مطالبہ کیوں کر رہے ہیں؟

حلال فوڈ انڈسٹری کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے گا، فواد چوہدری

انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک وہیکلز پالیسی پاکستان میں اس بہت بڑی تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرے گی اور حکومت کی طرف سے روایتی گاڑیوں کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے سے ناصرف ماحولیات کو فائدہ ہو گا بلکہ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو غیرملکی فنڈنگ کیس میں ڈونرز کی تمام تفصیلات پہلے فراہم کرنی چاہئیں تھیں، پاکستان تحرک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس کے فارن فنڈز کے بارے میں مکمل تفصیلات عوام کے پاس ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر ہیں وہ ملک کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کا فنڈ قانونی طریقے سے بذریعہ بنک جمع ہوتا ہے۔

کورونا ویکسین بارے سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ چین نے 31 جنوری تک پاکستان کو ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکوں کی پہلی کھیپ فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہوا ہے، ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان کو مفت مل رہی ہے۔

’ٹینک بنا رہے ہیں کاریں نہیں بنا سکتے‘

علاوہ ازیں راولپنڈی میں بارانی انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان فوجی ٹینک بنا رہا ہے لیکن کاریں بنانے کے قابل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں سول ملٹری تعلقات بہتر ہوئے ہیں، اس لیے حکومت فوج کی مدد سے ڈرونز تیار کرنے پر غور کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جدید دنیا کی بنیاد سیاستدانوں یا کلرکوں نے نہیں بلکہ یونیورسٹیوں نے رکھی ہے اور ماضی سے سیکھنے کے علاوہ منطق اور دلیل ہی ترقی کی بنیاد ہے۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ پاکستان دنیا سے بہت پیچھے ہے، انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی اور ایگری کلچرل ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گاجریں اور مولیاں بیچنے پر اکتفا نہیں کیا جا سکتا بلکہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہو گا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی کے ہمراہ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں نیشنل سنٹر فار انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی کا سنگ بنیاد اور سولرائزیشن پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here