اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کی معاشی و سماجی ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ترجیحات کے تعین اور مالی امداد کی فراہمی میں بینک کے کردار کے حوالہ سے خصوصی سروے کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے ترجیحات کے تعین اور مالی مدد کی فراہمی میں عالمی بینک کے کردار کے حوالہ سے خصوصی سروے میں پاکستانی شہریوں کو لازمی حصہ لینا چاہئیے۔
عالمی بینک 2022ء سے لے کر 2026ء تک کی مدت کیلئے پاکستان کے ساتھ نئے شراکت داری فریم ورک کی تشکیل کے ضمن میں مشاورتی عمل کا آغاز کر چکا ہے اور یہ سروے اسی فریم ورک کا حصہ ہے۔
فریم ورک میں پاکستان کیلئے سٹریٹجک معاونت کے خدوخال واضح ہوں گے۔ عالمی بینک ہر چار سے پانچ سال بعد رکن ممالک کیلئے نیا کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک تیار کرتا ہے جس میں کسی بھی رکن ملک کی بدلتی ہوئی ترجیحات شامل کی جاتی ہے۔
ناجی بن حسائن نے کہا ہے کہ نئے فریم ورک میں عالمی بینک کی معاونت کو پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈا سے مربوط کیا جائے گا۔ فریم ورک کی تشکیل میں کلیدی شراکت داروں، سرکاری حکام، پارلیمینٹرینز، نجی شعبہ، سول سوسائٹی کی تنظیموں بشمول خواتین اور نوجوانوں کے گروپ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں ، سفارتی کمیونٹی، میڈیا اور ماہرین تعلیم سے مشاورت کی جا رہی ہے۔
اس مشاورت کا مقصد پاکستان کی اقتصادی اور سماجی مسائل پر کلیدی شراکت داروں کی متنوع رائے اور خیالات سے آگاہی حاصل کرنا اور اس کی روشنی میں معاونتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔