لندن: گیم کمپنی ریزر نے صارف الیکٹرانک فیسٹیول 2021ء میں مائیکروفون اور لائٹ کی خصوصیات کے حامل دینا کا پہلا ڈیجیٹل فیس ماسک متعارف کرا دیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق ہر سال امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں ٹیکنالوجی اور الیکٹرونکس کی کمپنیاں اپنی نئی ایجادات پیش کرتی ہیں اور دنیا بھر سے لاکھوں صارفین اس کا رخ کرتے ہیں، رواں سال کووِڈ۔19 کی وبا کی وجہ سے فیسٹیول کا انعقاد آن لائن کیا گیا۔
ریزر کمپنی کی جانب سے متعارف کروایا جانے والا مذکورہ پروٹو ٹائپ فیس ماسک مائیکروفون کی وجہ سے ماسک والے شخص کی آواز کو واضح طور پر دوسرے فرد تک پہنچاتا ہے۔
اس ماسک میں ہوا کے داخلے اور اخراج کی خصوصیت بھی موجود ہیں، ماسک سانس سے خارج ہونے والی گرم ہوا کو باہر نکال کر ٹھنڈی اور تازہ ہوا کے ماسک کے اندر داخلے میں آسانی پیدا کرتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ماسک این 95 جراحی ماسک کی کیٹیگری سے ہی ہے لیکن شفاف پلاسٹک سے تیار کئے جانے کی وجہ سے ماسک کے اندر سے چہرے اور ہونٹوں کی حرکات کو آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے، ماسک تاحال فروخت کے لئے پیش نہیں کیا گیا۔