اسلام آباد: ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں جاری مالی سال کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر نومبر 2020ء تک کی مدت میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوارمیں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 1.50 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نومبر 2020ء میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداور میں نومبر 2019ء کے مقابلہ میں 1.17 فیصد کا اضافہ ہوا۔
اعدادوشمار کے مطابق جن پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ ہوا ان میں کیروسین آئل، ہائی سپیڈ ڈیزل، فرنس آئل، جیوٹ بیچنگ آئل اور ایل پی جی شامل ہیں۔ اس کے برعکس جیٹ فیول آئل، پٹرول، ڈیزل آئل، لبریکیٹنگ آئل اور سالوینٹ نپھاتا کی پیداوارمیں کمی کا رحجان رہا۔
کیروسین آئل کی پیداوارمیں سالانہ بنیادوں پر 3.76 فیصد اضافہ جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 42.82 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی پیداوارمیں سالانہ بنیادوں پر 7.16 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 3.13 فیصد کمی ہوئی۔
اسی طرح فرنس آئل کی پیداوارمیں سالانہ بنیادوں پر 0.97 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 9.23 فیصد اضافہ ہوا، جیوٹ بیچنگ آئل کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 5.85 فیصد اضافہ اور ماہانہ بنیادوں پر 13.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایل پی جی کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 5.98 فیصد اضافہ اور ماہانہ بنیادوں پر 1.26 فیصد کمی ہوئی۔
اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں جیٹ فیول آئل کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 41.55 اور ماہانہ بنیادوں پر 41.04 فیصد کی کمی، پیٹرول کی پیداوارمیں سالانہ بنیادوں پر 16.13 اور ماہانہ بنیادوں پر 17.30 فیصد کی کمی، ڈیزل آئل کی پیداوارمیں سالانہ بنادوں پر 61.77 اور سالانہ بنیادوں پر 58.49 فیصد کمی ہوئی۔
لبریکیٹنگ آئل کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 16.18 فیصد کی کمی اور ماہانہ بنیادوں پر 24.96 فیصد اضافہ، اور سالوینٹ نپھاتا کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 28.18 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 31.32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں 7.41 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ نومبر کے مہینہ میں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں نومبر 2019 کے مقابلہ میں 14.96 فیصد اضافہ ہوا ہے۔