اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کی پہلی ششماہی کے دوران ملک میں موٹر سائیکلز اور رکشوں کی فروخت میں 18.88 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان آٹو موبائلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران موٹرسائیکلز اور رکشوں کی فروخت کا حجم 9 لاکھ 50 ہزار 871 یونٹس تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں میں 7 لاکھ 99 ہزار 820 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں موٹر سائیکلز اور رکشوں کی فروخت میں ایک لاکھ 51 ہزار 51 یونٹس یعنی 18.88 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
دسمبر 2020ء میں کاروں کی فروخت میں 20 فیصد اضافہ
بی ایم ڈبلیو کا 2023ء تک 20 فیصد الیکٹرک گاڑیاں بنانے کا اعلان
رپورٹ کے مطابق ہنڈا موٹرسائیکلز کی فروخت 19.96 فیصد اضافہ سے 5 لاکھ 15 ہزار 173 یونٹس کے مقابلہ میں 6 لاکھ 18 ہزار 40 یونٹس تک بڑھ گئی۔
سوزوکی موٹر سائیکلز کی فروخت میں 2.67 فیصد معمولی کمی سے فروخت کا حجم 10 ہزار 865 یونٹس کے مقابلہ میں 10 ہزار 574 یونٹس تک کم ہو گیا۔
اسی طرح یاماہا موٹر سائیکلوں کی فروخت بھی 18.50 فیصد کمی سے 12 ہزار 913 یونٹس کے مقابلہ میں 10 ہزار 524 یونٹس تک کم ہو گئی۔
مزید برآں راوی موٹر سائیکلز کی فروخت بھی 51.26 فیصد کمی ہو گئی۔ یونائٹڈ موٹر سائیکلز کی فروخت میں 19.28 فیصد جبکہ روڈ پرنس کی فروخٹ میں 24.11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاما کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلی ششماہی میں روڈ پرنس رکشوں کی فروخت میں 23.90 فیصد، سازگار کی فروخت میں 46.51 فیصد اور چنگ چی رکشوں کی فروخت میں 70.55 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔