جوبائیڈن نے وبا سے متاثرہ معیشت کیلئے 19 کھرب ڈالر کا امدادی پیکج پیش کر دیا

پیکج میں وبا سے نمٹنے کیلئے 415 ارب ڈالر، چھوٹے کاروباروں کی معاونت کیلئے 440 ارب ڈالر، امریکی خاندانوں کی امداد کیلئے 10 کھرب ڈالر مختص کیے گئے ہیں، حتمی منظوری کانگرس دے گی

613

واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اقتدار کی منتقلی سے قبل کورونا وائرس سے متاثرہ معیشت کی بحالی اور وبا پر قابو پانے کیلئے 19 کھرب ڈالر کا امدادی پیکج پیش کر دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جوبائیدن کے پیکج میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 415 ارب ڈالر اور چھوٹے کاروباروں کی معاونت کے لیے 440 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

یہ امددای پیکج منظوری کے لیے کانگریس کے پاس بھیجا جائے گا اور اگر کانگریس پیکج کو منظور کر لیتی ہے تو اس پیکج کے تحت 10 کھرب ڈالر امریکی خاندانوں کے لیے بھی مختص کیے جائیں گے جس میں امریکی شہریوں کو 1400 ڈالر بھی فراہم کیے جائیں گے جو حال ہی میں منظور ہونے والے کووڈ۔19 بل کے علاوہ ہیں۔

جوبائیڈن نے امددای پیکج پیش کرتے ہوئے گزشتہ روز ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ امریکا میں کورونا وائرس کے باعث انسانی صورت حال کے شدید بحران سے امریکیوں کی صحت شدید خطرہ میں ہے اور اس بحران سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ ہمارے پاس ضائع کرنے کیلئے مزید وقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکلات کو حل کرنے میں رکاوٹیں حائل ہوں گی لیکن میں صورت حال میں پیشرفت سے متعلق آگاہی میں آپ سے ایمانداری سے کام لوں گا۔

جو بائیڈن کی جانب سے امدادی پیکج کا اعلان امریکی معیشت کو بچانے کے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ان کا اپنی صدارت کے پہلے 100 روز میں ایک کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here