وزیراعظم کی عدم منظوری کے باوجود جنوری میں دوسری بار پٹرول مہنگا

684

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزارت خزانہ کی سمری منظور نہ کیے جانے کے باوجود رواں ماہ کے دوران دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون شہباز گِل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) اور فنانس ڈویژن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ تجویز کیا تھا لیکن وزیراعظم نے سمری منظور نہیں کی۔

تاہم وزارت خزانہ کے مطابق رواں ماہ کے آئندہ 15 روز کیلئے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

مٹی کا تیل 3 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل 4 روپے 42 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج (16 جنوری) رات 12 بجے سے ہو گا۔

اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 109 روپے 20 پیسے فی لٹر، ڈیزل کی قیمت 113 روپے 19 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 76 روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 76 روپے 23 پیسے فی لٹر ہو گئی۔

واضح رہے کہ فنانس ڈویژن کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ 13  روپے اضافے کی تجویز دی گئی تھی اور اس حوالے سے ایک سمری بھی سوشل میڈیا پر وائرل رہی تاہم اوگرا کی جانب سے اس کی تردید بھی سامنے آئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here