اسلام آباد: ویڈیو گیمنگ انڈسٹری کے فروغ کیلئے پاکستان سائنس فانڈیشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔
گزشتہ روز معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے شرکت کی۔ اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ ویڈیو گیمنگ اس وقت 200 ارب ڈالر کی انڈسٹری ہے جبکہ ہمارے 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کی تعداد کئی ملین ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
چھ ماہ میں پاکستان ایکسرے اور ڈائیلائسز مشینیں تیار کریگا: فواد چوہدری
پاکستانی ایڈورٹائزنگ انڈسٹری ٹوئٹر کو نظر انداز کیوں کر رہی ہے؟
ٹیکنالوجی سے انسانوں کو خطرہ، 2025ء تک ساڑھے آٹھ کروڑ نوکریاں ختم ہو جائیں گی
فواد چوہدری نے کہا کہ ای سپورٹس یوتھ کو پیسہ بنانے کا نیا موقع دے گی، پی ایس ایل کی طرح پورے ملک کو ای سپورٹس کے لئے چھ ریجنز میں تقسیم کیا جائے گا، پاکستان میں بے شمار کھیل کھیلے جاتے ہیں اور ہمارے کئی بچے ان کھیلوں میں نام کما چکے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم لاہور کراچی میں وڈیو گیمنگ لا رہے ہیں، یہ سال سائنس و ٹیکنالوجی کا سال ہے، اب ملک میں ہر جگہ سائنس و ٹیکنالوجی کا ذکر ہو رہا ہے۔
صحت کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بار دنیا کے دو بڑے برانڈز پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے آ رہے ہیں جبکہ اپریل تک ملک میں کینولا پراسیسنگ کی دو بڑی فیکٹریاں لگ جائیں گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران ای سپورٹس انڈسٹری میں تیزی سے کام ہو رہا ہے، ای سپورٹس میں ٹاپ انعامات پاکستانی بچوں نے حاصل کئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ہر کھیل کو ای سپورٹس میں لائیں جبکہ تمام صوبوں میں مختلف گیمز کی ٹیمیں بنائیں گے، ہمارے بچوں کو پاکستان میں سپورٹس میں مواقع ملنے چاہیں۔