کیلیفورنیا: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر، فیس بک اور انسٹاگرام کے بعد گوگل کی ملکیت وڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یوٹیوب چینل عارضی طور پر معطل کر دیا اور تشدد کو ہوا دینے کے خلاف یوٹیوب کی پالیسی کی خلاف ورزی پر ان کی وڈیو ہٹا دی۔
یوٹیوب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے کیپٹل ہل کی عمارت پر پُرتشدد حملے کے حوالے سے تشویش کے باعث صدر ٹرمپ کے چینل پر اپ لوڈ کی گئی نئی وڈیو ہٹا دی ہے کیونکہ وڈیو کے مواد میں یوٹیوب پالیسی کی خلاف ورزی کی گئی اور اس مواد سے تشدد پھیلنے کا خدشہ تھا۔
یوٹیوب نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے چینل کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے اور اب اس چینل پر کم سے کم سات روز تک نئی وڈیو یا مواد اپ لوڈ نہیں کیا جا سکے گا جبکہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹرمپ کے چینل پر کمنٹس بھی غیرمعینہ مدت تک غیر فعال کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد27 لاکھ 70 ہزار ہے۔
اس سے قبل آٹھ جنوری 2021ء کو کیپٹل ہل پر پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے بعد صارفین کے مسلسل اصرار کے بعد فیس بک، انسٹاگرام اور ٹویٹر ٹرمپ کو اپنے پلیٹ فارمز عارضی طور پر استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔
تاہم بعد ازاں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اپنی پوسٹ میں اعلان کیا کہ فیس بک انتظامیہ نے ٹرمپ کا اکائونٹ ان کی مدت صدارت ختم ہونے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وہ فیس بک کے ملکیتی پلیٹ فارم انسٹاگرام کو بھی استعمال نہیں کر سکیں گے۔
دوسری جانب ٹویٹر انتظامیہ نے بھی کیپٹل ہل واقعے کے بعد پہلے 12 گھنٹوں کیلئے ٹرمپ کا اکائونٹ معطل کیا تھا لیکن بعد میں مستقل طور پر اکائونٹ بند کر دیا گیا۔