چھ ماہ میں پاکستان ایکسرے اور ڈائیلائسز مشینیں تیار کریگا: فواد چوہدری

ای سپورٹس کو باقاعدہ کھیل کا درجہ دینے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، وٹس ایپ پالیسی کے حوالے سے قانون سازی کا مسودہ تیار، جلد کابینہ کو بھیجا جائے گا، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

806

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان چار سے چھ ماہ میں ایکسرے اور ڈائیلائسز مشینیں تیار کرے گا۔

بدھ کو قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جی) وال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وٹس ایپ پالیسی کے حوالے سے قانون کے لئے ہم نے مسودہ تیار کر لیا ہے جو جلد کابینہ کو بھیجا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے پاکستان میں تحقیق اور ترقی کی ہئیت تبدیل کر دی ہے، صحت کے شعبے میں پاکستان خود کفیل ہو رہا ہے، ہم پہلے تھرمامیٹر نہیں بناتے تھے، آج وینٹی لیٹرز بنا رہے ہیں، پاکستان چار سے چھ ماہ میں ایکسرے اور ڈائیلائسز مشینیں تیار کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان میں تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے

فواد چوہدری سیالکوٹ کو گوادر جیسا درجہ دینے کا مطالبہ کیوں کر رہے ہیں؟

خواہش ہے ہوآوے چین کے بعد پاکستان میں اپنا مرکز قائم کرے: فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ ملکی ٹرانسپورٹ کی بجلی پر منتقلی کی غرض سے فور وہیلرز الیکٹرک وہیکلز پالیسی لا رہے ہیں جبکہ برقی گاڑیوں کی مرمت کے حوالے سے لوگوں کو تربیت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کا قوموں کی ترقی اور عروج میں میں اہم کردار ہے، دنیا میں تبدیلی یونیورسٹیاں ہی لائی ہیں، امریکہ میں یونیورسٹیوں کے ذریعے ہی تبدیلی آئی۔ مستقبل کی جاب مارکیٹ کے مطابق یونیورسٹی کے نوجوانوں کو تربیت دینا ہو گی۔

فواد چوہدری نے کہا کوشش ہے کہ سرکاری سکولوں کو سب سے زیادہ اسکالرشپس دے سکیں، رواں سال کوشش ہو گی کہ سرکاری سکولوں کو نویں سے بارویں تک سکالرشپ دیں، میٹرک میں ٹاپ کرنے والوں کو 10 ہزار، انٹر میں ٹاپ کرنے والوں کو 12 ہزار جبکہ ریاضی میں ٹاپ کرنے والوں کو الگ سے سکالرشپ دیں گے۔

وٹس ایپ پرائیویس پالیسی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پرائیویسی کے قانون سے متعلق مسودہ تیار کر لیا ہے، جلد کابینہ کو بھجوایا جائے گا۔

علاوہ ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ ‘ای سپورٹس’ کو باقاعدہ سرکاری کھیل کا درجہ دینے کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان سائنس فائونڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا ای سپورٹس، ویڈیو گیمز بنانے میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان تیار ہو جائیں کیونکہ مستقبل میں ان کیلئے بہترین مواقع دستیاب ہوں گے۔

گزشتہ سال نومبر میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ویڈیو گیمنگ انڈسٹری عالمی سطح پر اربوں ڈالر کی مارکیٹ بن چکی ہے، اس لیے پاکستانی نوجوانوں کو بھی اس میدان میں آنا چاہیے، انہوں نے نوجوانوں کیلئے اینی میشن اور ویڈیو گیمز کے ایک پروگرام کا اعلان بھی کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here