اسلام آباد: ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں پانچ فیصد جبکہ دسمبر 2020ء میں 18.31 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (ایس بی پی) کے مطابق جولائی سے لیکر دسمبر 2020ء کی مدت میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 12.098 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 11.524 ارب ڈٓلر کے مقابلہ میں پانچ فیصد زیادہ ہے۔
پی بی ایس کے مطابق پہلی ششماہی کے دوران ملکی درآمدات 5.72 فیصد اضافہ سے گزشتہ مالی سال کے 23.195 ارب ڈالرکے مقابلہ میں بڑھ کر24.521 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں تجارتی خسارہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 6.44 فیصد اضافہ ہوا، اس عرصہ میں تجارتی خسارہ کا حجم گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے 11.67 ارب ڈالر سے بڑھ کر 12.42 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
سالانہ بنیادوں پر دسمبر 2020ء میں برآمدات کا حجم دسمبر 2019ء کے 1.988 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 18.31 فیصد اضافہ سے 2.352 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح دسمبرمیں ملکی درآمدات کا حجم گزشتہ سال دسمبر کے 4.020 ارب ڈالر سے بڑھ کر 5.035 ارب ڈالرتک پہنچ گیا۔