کراچی: سندھ حکومت نے صنعتی فضلہ کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے بغیر نئی فیکٹری لگانے پر پابندی لگا دی۔
حکومت سندھ کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بغیر نئی فیکٹری لگانے پر پابندی ہو گی کیونکہ ایسی ترقی کا کوئی فائدہ نہیں جس کی ماحولیاتی لاگت ناقابل تلافی ہو۔
سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی حکومت سندھ محمد اسلم غوری اور ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ نعیم احمد مغل کے ساتھ صوبائی ماحولیاتی قوانین پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں مشیر ماحولیات نے کہا کہ قوانین کے نفاذ میں تیزی لانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی تشکیل ہی اس طرح ہو کہ ان کے نفاذ میں کوئی تاخیر نہ ہو اور ان سے آلودگی پھیلانے والے بچ نہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی و تعمیراتی ترقی میں پائیداری یقینی بنانے کے لیے سندھ کے قانون برائے تحفظ ماحول کی متعلقہ شقوں میں اس طرح کی ترامیم کی جائیں کہ وہ مزید موثر ہوں اور ان کے نفاذ میں مزید شفافیت آئے، ساتھ ہی ساتھ ترقی کا پہیہ بھی چلتا رہے اور ماحول کی حفاظت میں بھی کوئی خلل نہ آئے۔
انہوں اس ضمن میں ڈی جی سیپا کو ہدایات دیں کہ صنعتوں کا آبی فضلہ ٹریٹ کرنے کے فوری طور پر رہنما اصول وضع کئے جائیں تاکہ صنعتی فضلہ ٹھکانے لگانے کے عمل میں کسی قسم کی ٹال مٹول کا کوئی امکان نہ رہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ماحولیاتی خود احتسابی کے پہلو کو بھی زیادہ سے زیادہ ملحوظ خاطر رکھا جائے تاہم قوانین کے نفاذ میں سیپا کا کردار بھی بتدریج بڑھایا جاتا رہے۔
انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ماحولیاتی نگرانی کی رسائی صوبے کے کم و بیش تمام اضلاع تک ہو جانے سے صنعت کارومعمار بھی اپنے تجارتی امور میں پائیداری لانے کی جانب راغب ہو رہے ہیں جس کے مثبت اثرات بہت جلد نمودار ہونے لگیں گے۔
مشیر ماحولیات نے کہا کہ سیپا کے ماحولیاتی نگرانی اور نفاذ قانون کے شعبہ جات کی استعداد مزید بڑھائی جائے اور ان کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر بلاتفریق فوری کارروائی کی جائے۔
مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ ماحولیاتی قوانین کے نفاذ کے ڈھانچے کی تشکیل اس طرح سے ہونی چاہئے کہ نفاذ کے دوران کسی بھی سطح پر کوئی ابہام یا پیچیدگی نہ ہو تاکہ قانون نافذ کرنے والوں اور جن پر نفاذ ہورہا ہے ان کے مابین کسی قسم کی بلاوجہ کی باہمی غلط فہمی نہ ہو.
ان کا کہنا تھا کہ ہماری صنعتیں اور تعمیراتی شعبہ صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت سندھ انہیں اس حوالے سے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ نجی و سرکاری شعبے مل جل کر صوبے اور ملک کو پائیدار ترقی کا گہوارہ بنا سکیں۔