اسلام آباد: کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے گزشتہ ایک سال سے دنیا بھر میں کھیلوں کے میدان سنسان پڑے ہیں، لاک ڈائون اور پابندیاں اٹھنے کے باوجود کرکٹ سمیت کچھ مقابلے شروع کیے گئے ہیں تاہم تماشائیوں کو اب بھی آنے کی اجازت نہیں۔
چونکہ پاکستان دنیا بھر میں کھیلوں کے سامان کی برآمد کے حوالے سے کلیدی حیثییت رکھتا ہے اور سیالکوٹ میں تیار کردہ کرکٹ کے بلے، گیند، فٹ بال اور دیگر سپورٹس کا سامان دنیا بھر میں برآمد کیا جاتا ہے لیکن کورونا وبا کی وجہ سے کھیلوں کے سامان کی برآمدات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 14.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر 2020ء تک کی مدت میں کھیلوں کے سامان کی برآمدات سے ملک کو 108.30 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 125.97 ملین ڈالر تھا۔
پانچ ماہ کے دوران پاکستان میں تیار کردہ فٹ بالز کی برآمدات میں 23.91 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی، جولائی تا نومبر 2020ء کی مدت میں 53.35 ملین ڈالر کے فٹ بال برآمد کئے گئے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 70.120 ملین ڈالرمالیت کے فٹ بالز برآمد کئے گئے تھے۔
اسی طرح مختلف کھیلوں کے دوران استعمال ہونے والے دستانوں کی برآمدات میں کمی کا تناسب 18.62 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جاری مالی سال میں 28.05 ملین ڈالر کے سپورٹس گلوز (دستانے) برآمد کئے گئے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 34.47 ملین ڈالر کے دستانے برآمد کئے گئے تھے۔
تاہم اس کے برعکس کھیلوں کے دیگر سامان کی برآمدات میں 25.73 فیصد اضافہ ہوا ہے، مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں کھیلوں کے دیگر سامان کی برآمدات سے ملک کو 26.88 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال 21.87 ملین ڈالر تھا۔