اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے سال 2020ء کے دوران تقریباََ 100 ارب روپے کا کاروبار کیا جو گزشتہ سال میں دس ارب روپے تھا۔
اس سنگ میل کو طے کرنے پر منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے کہا ہے کہ یو ایس سی اب تقریباََ خود کفیل کارپوریشن بن چکا ہے اور مستقبل قریب میں ادارے کی بہتری کے لیے دیگر اہم اقدامات کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مالی سال 20-2019ء میں 8.564 ارب روپے قومی خزانے میں ٹیکس کی مد میں جمع کرائے جبکہ مالی سال 19۔2018ء میں 1.476 ارب روپے ٹیکس دیا تھا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے دیہی اور شہری علاقوں میں قائم چار ہزار 881 سٹورز کے ریٹیل نیٹ ورک کے ذریعے سال 2020ء کے دوران 45.77 ملین گھرانوں کی خدمت کی۔
یہ بھی پڑھیے:
لاہور میں پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے سٹورز سیل کرنے کا حکم
کیا قرضوں کی دلدل میں دھنسے چین ون اور چناب گروپ کی واپسی ممکن ہے؟
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن 8 جنوری 2020ء سے وزیراعظم ریلیف پیکیج کے ذریعے عوام کو سبسڈائزڈ ریٹس پر اشیائے خوردونوش فراہم کر رہا ہے، اس پیکج کے تحت 22 ارب کی ریکارڈ سیل ہوئی جو کارپوریشن کی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ سیل بھی ہے۔
یاد رہے سال 2020ء میں آٹا، چاول، چینی، دالیں اور گھی پر سبسڈی دی گئی جس کی وجہ سے ان پانچ بنیادی اشیا کی قیمتوں کو اوپن مارکیٹ میں کنٹرول کرنے میں مدد ملی۔
یو ایس سی آئندہ مالی سال کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) انفراسٹرکچر قائم کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، سال 2020ء کے دوران یوایس سی نے اسلام آباد میں واقع ہیڈ آفس میں ڈیٹا سنٹر قائم کیا ہے، یہ ڈیٹا سینٹر ادارے کی مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی ایک قابل ذکر کامیابی کورونا وائرس کے پھیلنے کے باوجود تمام سٹورز کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے عوام کے لئے کھلے رکھنے اور روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی مسلسل فراہمی کو اوپن مارکیٹ سے کم قیمتوں پر بلا تعطل برقرار رکھنا ہے۔
دور دراز علاقوں میں ضروری اشیاء تک رسائی بڑھانے کے لئے یو ایس سی نے کورونا وائرس کے دوران ایک سو کے قریب موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز کا بھی آغاز کیا تاکہ عوام کو انکی دہلیز پر ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نیز یو ایس سی پاکستان میں پہلا ادارہ ہے جس نے پولیتھین شاپنگ بیگ متعارف کرایا ہے جس نے پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے قواعد کے مطابق سبز ماحول کے لئے آکسو بائیو ڈی گریڈ ایبل ایڈیٹیو کا استعمال کیا ہے۔
سال 2020ء کے دوران یو ایس سی نے ذاتی برانڈ کے تحت 64 مصنوعات لانچ کیں، یہ تمام مصنوعات پاکستان اسٹینڈرڈز اور کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی سند یافتہ ہیں، یو ایس سال مالی سال 2021ء کے دوران 150 ارب روپے کا ٹرن اوور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔