پاکستان میں سرمایہ کاری؟ IKEA کا موقف سامنے آ گیا

1546

اسلام آباد: مشہور بین الاقوامی فرنیچر ساز کمپنی IKEA نے پاکستان میں کاروبار کے آغا ز یا سرمایہ کاری کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔

پرافٹ کی جانب سے کمپنی کو ایک ای میل کے ذریعے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ واقعی پاکستان میں اپنا کاروبار شروع کرنے جا رہی ہے کیونکہ پاکستانی میڈیا میں ایسی خبریں نشر ہوئی تھیں کہ ملٹی نیشنل IKEA پاکستان میں ریٹیل بزنس کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔

پرافٹ کی جانب سے ای میل کرنے پر IKEA کے سویڈن میں موجود رینج اینڈ سپلائی آفس کی جانب سے جواب دیا گیا ہے کہ ’’کمپنی کے پرچیزنگ آپریشنز کو پاکستانی مارکیٹ تک وسعت دینے کے حوالے سے مواقع کی تلاش اور منصوبہ بندی پر غور کیا جا سکتا ہے تاہم پاکستان میں IKEA کے ریٹیل آپریشنز کا آغاز کرنے کا اعلان بالکل نہیں کیا گیا۔‘‘

اس کے ساتھ ہی کمپنی کے رینج اینڈ سپلائی آفس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مستقبل میں نئی مارکیٹس میں داخل ہونے کیلئے IKEA مسلسل سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع کا اندازہ لگاتی رہتی ہے۔

دراصل 31 دسمبر کو جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک ٹویٹ کرکے دعویٰ کیا تھا کہ IKEA پاکستان میں اپنا کاروبار شروع کرنے جا رہی ہے اور ان کی ملاقات IKEA کے ڈائٹر میٹکے (Dieter Mettke) سے ہوئی ہے جو پاکستان میں کمپنی کے کاروبار کے انچارج ہوں گے۔

تاہم بعد ازاں ناصرف ڈاکٹر فیصل نے ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی بلکہ تب سے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور کسی قسم کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

پرافٹ کے رابطہ کرنے پر ناصرف بیرونی کمپنیوں کو ڈیل کرنے والے پاکستانی ادارے اور وزارت کامرس کے حکام معاملے سے بے خبر نکلے بلکہ وزیراعظم آفس کے براہ راست زیرنگرانی کام کرنے والے سرمایہ کاری بورڈ کے متعلقہ حکام نے بھی IKEA کے پاکستان آنے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا۔

سرمایہ کاری بورڈ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ IKEA کی جانب سے پاکستان میں فی الوقت کسی قسم کی سرمایہ کاری نہیں کی جا رہی ، نا ہی اس حوالے سے کسی مرحلے پر بات چیت جاری ہے۔

اسی طرح وزارت تجارت اور مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری کے دفتر کے حکام نے بھی مذکورہ فرنیچر ساز عالمی فرم کی پاکستان میں ممکنہ سرمایہ کاری سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا، سیکریٹری کامرس بھی معاملے سے بے خبر تھے۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ترجمان نے بتایا کہ کمیشن کو مذکورہ کمپنی کی جانب سے رجسٹریشن کیلئے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

تاہم ایس ای سی پی کی ویب سائٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ IKEA ٹریڈنگ (ہانگ کانگ) لمیٹڈ نامی ایک کمپنی 2006ء سے ایس ای سی پی میں رجسٹر ہے، اسی طرح IKEA سپلائی اے جی سوئٹزرلینڈ نامی کمپنی کراچی میں 2015ء سے رجسٹر ہے، یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ IKEA کا ایک پرچیز آٖفس کراچی میں پہلے سے کام کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here