اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یکم جنوری 2021ء سے اپیلوں کی الیکٹرانک فائلنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق اِن لینڈ ریونیو قوانین کے تحت پہلی اپیل کمشنر اِن لینڈ ریونیو (اپیلز) کو دائر کی جاتی ہے، لہٰذا اِن لینڈ ریونیو ٹیکس حکام کے احکامات سے متاثرہ ٹیکس دہندگان اب کمشنر (اپیلز) کو یہ پہلی اپیل آن لائن بھی دائر کر سکیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف بی آر اپنے تمام تر سسٹمز کی آٹومیشن اور ٹیکس دہندگان کیلئے بھرپور سہولت یقینی بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے اور الیکٹرانک طریقے سے اپیلیں دائر کرنے کی سہولت اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق فیدڑل بورڈ آف ریونیو نے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کے ساتھ مل کر اپیلوں کی ای فائلنگ کے لئے سافٹ ویئر تیار کیا۔
اس سلسلے میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان (آئی سی اے پی)، انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ میجمنٹ اکائونٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے) پی اور پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن (پی ٹی بی اے) سمیت مختلف متعلقہ فریقوں کی آراء بھی لی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم کی بدولت اب ٹیکس حکام کے احکامات سے متاثرہ ٹیکس دہندگان آئرس ویب پورٹل پر اپنی اپیلیں درج کرا سکیں گے، اپیلوں کی ای فائلنگ کے لئے آٹومیٹڈ سسٹم کی بدولت ریونیو اور ٹیکس دہندگان دونوں کو فائدہ ہو گا۔