پنجاب بھر کی زرعی منڈیوں کی ڈیجیٹلائزیشن، جیو فینسنگ کا فیصلہ

843

فیصل آباد: پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کی 262 زرعی منڈیوں کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے جدید بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلہ میں گزشتہ روز ایک اجلاس سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) عاطف رضا، سپیشل سیکرٹری زراعت (مارکیٹنگ) وقار حسین، ڈائریکٹر جنرل پامرا محسن رضا، ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات محمد رفیق اختر اور ڈائریکٹر (ای اینڈ ایم) نیر جلال کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 262 زرعی منڈیاں موجود ہیں جن 47 اے کلاس، 29  بی کلاس جبکہ 186 سی کلاس کیٹیگری میں شامل ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت اسد رحمان گیلانی نے زرعی منڈیوں کی جیو فینسنگ کے ذریعے مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پامرا ایکٹ کو آپریشنل بنانے کیلئے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ نئے قانون کے تحت پنجاب کی زرعی منڈیوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

سیکریٹری زراعت نے منڈیوں میں زرعی اجناس کے نرخوں کے بارے میں معلومات کو بروقت کاشت کاروں تک پہنچانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زراعت اور کاشت کار حکومت کی اولین ترجیح ہیں اس لئے ان کے مسائل کے فوری حل کیلئے فیلڈ افسران جواب دہ ہوں گے۔

انہوں نے اس موقع پر محکمہ زراعت پنجاب کے مختلف شعبوں کی سرگرمیوں کو مربوط کرنے اور بہتر کارکردگی کیلئے انہیں مزید فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here