کراچی: سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان (سی ڈی سی) نے میوچل فنڈ انڈسٹری کی سپورٹ کیلئے اپنی ذیلی کمپنی آئی ٹی مائنڈز کے ذریعے ایک نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا پائلٹ ورژن متعارف کرا دیا۔
’املاک فنانشل‘ کے نام سے شروع کیا جانے والا یہ نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ابتدائی طور پر میوچل فنڈ انڈسٹری کیلئے ایک ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن چینل کے طور پر کام کرے گا جس کو بعد میں دیگر اثاثہ جات کیلئے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
پہلے مرحلے میں املاک فنانشل کم خطرہ مول لینے والے سرمایہ کاروں کو ایک کم لاگت اور مرکزی سلوشن فراہم کرے گا لیکن جلد ہی اس پلیٹ فارم کو ہر قسم کے سرمایہ کاروں کیلئے ایک مکمل تقسیم کار کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔
اس پائلٹ منصوبے کو پانچ ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ساتھ شروع کیا گیا ہے تاہم جلد ہی اس میں مزید ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں شامل کر دی جائیں گی۔
پائلٹ منصوبے کے آغاز کا باضابطہ اعلان سی ڈی سی ہاﺅس کراچی میں ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران کیا گیا جس کی صدارت سکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے کمشنر سپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن (ایس سی ڈی) فرخ سبز واری نے کی۔
اس موقع پر فرخ سبزواری نے کہا کہ یہ منصوبہ میوچل فنڈ انڈسٹری کیلئے واقعتاََ ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ یہ پاکستان میں شروع کیا جانے والا پہلا مستحکم ڈیجیٹل تقسیم کار پلیٹ فارم ہے۔
“ہم ایس ای سی پی میں ڈیجیٹلائیزیشن کے ذریعہ کارکردگی اور شفافیت کو فروغ دینے کیلئے ری انجینئرنگ کے عمل کے مضبوط حامی ہیں اور اس سلسلے میں تمام مطلوبہ ریگولیٹری مدد فراہم کرکے ایسے تمام اقدامات کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی میوچل فنڈ انڈسٹری پاکستان کے جی ڈی پی کا محض 1.6 فیصد ہے جو نہایت معمولی ہے اور مارکیٹ کی ممکنہ صلاحیت کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ محدود وسائل اور مخصوص مارکیٹ سیگمنٹ پر توجہ مرکوز رکھنے کی وجہ سے قابلِ توجہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ہمیشہ دشوار ی کا سامنا رہا ہے۔
فرخ سبزواری نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے انوویشن کے اہم کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا اور سینٹری ڈپوزیٹری کمپنی میوچل فنڈ انڈسٹری کیلئے اس جدید سلوشن کا آغاز کرنے پر مبارک باد کی مستحق ہے جو کم وقت میں اعلیٰ پیداواریت اور وسیع تر رسائی کا باعث بنے گا۔
اس موقع پر پلیٹ فارم کے مقاصد کو بیان کرتے ہوئے سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹس کو کیپیٹل مارکیٹ کے ساتھ کامیابی سے جوڑنے کے بعد سی ڈی سی اب یہ نیا فن ٹیک سلوشن متعارف کرا رہی ہے جس کا مقصد ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میوچل فنڈ انڈسٹری اور نچلی سطح پر پاکستان میں مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے کیلئے سی ڈی سی کیپیٹل مارکیٹ کے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے پرعُزم ہے جس کے ذریعہ کیپٹل مارکیٹ سے منسلک ادارے اپنے سرمایہ کاروں کی رسائی کو آسان، معلوماتی اور انٹریکٹیو انداز میں بڑھانے کیلئے سی ڈی سی کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
تقریب میں ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے نمائندوں اور میوچل فنڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مشموما مجید نے بھی شرکت کی، انہوں نے پلیٹ فارم کا آغاز کرنے اور میوچل فنڈ انڈسٹری کی ترقی کیلئے سی ڈی سی کی کاوشوں کو سراہا۔