سمگل شدہ تیل کی فروخت سے ملکی معیشت کو سالانہ 150 ارب کا نقصان

726

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ایک اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ہر سال سمگل شدہ تیل کی فروخت سے ملکی معیشت کو 150 ارب روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا وِنگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد اسمگلنگ کیلئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر اطلاعات شبلی فراز، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی شہزاد اکبر، وقار مسعود، کامرس، پیٹرولیم، بحری امور اور داخلہ ڈویژن کے سیکریٹریز، چیئرمین ایف بی آر، صوبائی چیف سیکریٹریز، فرنٹئیر کور خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے آئی جیز شریک ہوئے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اسمگل شدہ تیل کی فروخت کی وجہ سے معیشت کو 100 سے 150 ارب روپے سالانہ نقصان پہنچ رہا ہے۔ ملک بھر میں دو ہزار 94 پیڑول پمپس اسمگل شدہ تیل کی فروخت میں ملوث ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، انسداد اسمگلنگ کے لیے اقدامات سے محصولات میں اضافہ ہو گا جو کہ غریب عوام کی فلاح پر خرچ ہو سکے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔

واضح رہے پاکستان میں ہر سال ایران کے ساتھ سرحدی علاقوں سے کروڑوں روپے کا ایرانی تیل سمگل کرکے اندورون ملک فروخت کے لیے لایا جاتا ہے جس کے باعث درآمدی ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی مد میں معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here