پانچ ماہ میں اسلامی بینکوں سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں اضافہ

875

اسلام آباد: رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران اسلامی بینکاری کی خدمات فراہم کرنے والے بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو قرض کی فراہمی میں دو ارب روپے اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر2020ء کے دوران اسلامی بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو 21.2 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے جبکہ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں نجی شعبہ نے اسلامی بینکوں سے 19.2 ارب روپے کے قرضے لیے تھے۔

ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں کمرشل بینکوں کی برانچز سے حاصل کئے گئے 33.4 ارب روپے کے قرضوں کی ادائیگی کی گئی ہے جبکہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں نجی شعبہ نے کمرشل بینکوں سے 31.4 ارب روپے کے قرضے کئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں ما لی سال میں روایتی بینکاری کے شعبہ میں اسلامی بینکاری سہولیات فراہم کرنے والی برانچز کی جانب سے نجی شعبہ کو22.5 ارب روپے کا قرض دیا گیا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 37.5 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق کووڈ-19 کے اثرات کو زائل کرنے کےلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 657 ارب روپے کے قرضوں کی واپسی موخر کی ہے۔

ادھر یکم جولائی تا 11 دسمبر2020ء کے دوران پرائیویٹ سیکٹر کو 10.3 ارب روپے کے قرضہ جات روایتی بینکنگ کے شعبہ سے جاری کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران شعبہ نے 88.1 ارب روپے کے قرضہ جات حاصل کئے تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here