بدلتا ہوا معاشی منظر نامہ، سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں نمایاں  کمی

784

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات میں گزشتہ کچھ عرصہ سے قدرے کشیدگی در آئی ہے جس کے اثرات دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت پر بھی نظر آنے لگے ہیں۔

شائد یہی وجہ ہے کہ جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں 13 فیصد کمی جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں 28.84 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر نومبر 2020ء تک کی مدت میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات کا حجم 17 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 13 فیصد کم رہا۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کےدوران سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات کا حجم 19 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

سعودی عرب کی تاریخ کا سب سے بڑا نجی فوجی معاہدہ

سعودی قرضہ، پاکستان نے مزید ایک ارب ڈالر واپس کر دئیے

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر کی شرح میں 28.9 فیصد اضافہ

سالانہ بنیادوں پر نومبر 2020ء کے دوران سعودی عرب کو پاکستان نے تین کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی برآمدات کیں جو گزشتہ سال نومبر میں بھی کم و بیش تین کروڑ 35 کروڑ کے لگ بھگ تھیں۔

ایس بی پی کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سعودی عرب سے درآمدات میں 28.84 فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی سے لے کر نومبر 2020ء تک سعودی عرب سے 80 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 62 کروڑ 28 لاکھ 50 ہزار ڈالر تھیں۔

سالانہ اعتبار سے نومبر 2020ء میں سعودی عرب سے 16 کروڑ 71 لاکھ ڈٓالر کی درآمدات کی گئیں جو گزشتہ سال نومبر میں 11 کروڑ 75 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔

دریں اثناء رواں سال پاکستانی برآمدات میں کمی کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان مجموعی تجارتی حجم میں 19 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے دوران سعودی عرب کو مجموعی طور پر پاکستان نے 45 کروڑ 38 لاکھ  ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں جبکہ مالی سال 2019-20ء میں سعودی عرب سے مجموعی درآمدات کا حجم ایک ارب 28 کروڑ ڈٓالر رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here