سگریٹ ساز کمپنیوں کا آئندہ سال 22 فیصد زیادہ تمباکو خریدنے کا اعلان

پاکستان ٹوبیکو کمپنی سب سے زیادہ یعنی 26.50 ملین کلوگرام، فلپ مورس نے 13 ملین کلوگرام تمباکو کی طلب ظاہر کی ہے

1132

اسلام آباد: پاکستان ٹوبیکو بورڈ (پی ٹی بی) کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کام کرنے والی تمباکو کمپنیوں نے اپنی طلب/ضرورت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت سال 2021ء کے دوران 22 فیصد زیادہ تمباکو خریدا جائے گا۔

سال 2020ء کے دوران پاکستان میں کام کرنے والی مقامی وغیرملکی ٹوبیکو کمپنیوں نے 45.62 ملین کلوگرام تمباکو خریدا تھا۔ اسی طرح سال 2020ء کے مقابلہ میں سال 2021ء کے دوران ملکی وغیرملکی تمباکو کمپنیاں 56.48 ملین کلوگرام تمباکو خریدیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: وزارت صحت کی سگریٹ اور سافٹ ڈرنکس پر ہیلتھ ٹیکس کے نفاذ کی تجویز

رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹوبیکو کمپنی سب سے زیادہ یعنی 26.50 ملین کلوگرام تمباکو خریدے گی جبکہ سال2021ء کےلئے فلپ مورس انٹرنیشنل پاکستان نے 13 ملین کلوگرام تمباکو کی طلب ظاہر کی ہے۔

اسی طرح خیبر ٹوبیکو کمپنی اور اے کیو انٹرپرائزز نے دوران سال 2.20 اور 2.20 ملین کلوگرام تمباکو خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید برآں ملک کے مختلف حصوں میں کام کرنے والی تمباکو کی صنعت سے وابستہ 58 دیگر کمپنیاں 10.80 ملین کلوگرام تمباکو کی خریداری کریں گی۔

ادھر کاشت کار کوآرڈی نیشن کونسل کے جنرل سیکرٹری لیاقت یوسف زئی نے کہا ہے کہ ہم تمباکو کی خریداری کے کوٹہ میں اضافہ کا خیرمقدم کرتے ہیں تاہم سال 2021ء کےلئے تمباکو کی قیمت کا تعین ایک اہم حل طلب مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی مداخل میں اضافہ کے باعث تمباکو کی پیداواری لاگت بڑھی ہے اس لئے تمباکو کی قیمت کے تعین کے حوالہ سے تمام شراکت داروں سے مشاورت ضروری ہے تاکہ کاشت کار طبقہ کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

دوسری جانب وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز نے وزارتِ خزانہ سے تمباکو اور سافٹ ڈرنکس پر ہیلتھ ٹیکس لاگو کرنے کی درخواست کی ہے، تمباکو مصنوعات اور سافٹ ڈرنکس سے متعلق بنائے گئے قانون کو فیڈرل ہیلتھ لیوی بل کا نام دیا جائے گا جس کا مقصد حکومتی آمدن میں اضافہ اور شہریوں کو بیماریوں سے بچانا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here