لاہور: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گوگل انکارپوریشن اور وکی پیڈیا کو اپنے پلیٹ فارمز سے گستاخانہ مواد پھیلانے کے خلاف نوٹسز جاری کر دیے۔
پی ٹی اے کی سوشل میڈیا پر جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دونوں پلیٹ فارمز (گوگل اور وکی پیڈیا) پر “اسلام کے موجودہ خلیفہ” کے حوالے سے گمراہ کن سرچ ریزلٹس اور گوگل پلے سٹور پر غیرمستند مذہبی کتب اَپ لوڈ ہونے سے متعلق کئی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
پاکستان میں مذہبی منافرت اور گستاخانہ مواد کی تشہیر ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے پی ٹی اے نے گوگل کو فوری طور پر غیرقانونی آن لائن مواد اپنے پلیٹ فارم سے ہٹانے کیلئے نوٹس جاری گیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے گوگل کو کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے مذکورہ نوٹس ری موول اینڈ بلاکنگ آف ان لاء فل آن لائن کانٹنٹ رولز 2020ء کے تحت جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام کے خلاف غلط اور گمراہ کن مواد شائع کرنے اور وکی پیڈیا پر مرزا مسرور احمد کو بطور مسلمان پیش کرنے کے حوالے سے بھی پی ٹی اے کو متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔
معاملے پر جامع گفتگو کے بعد وکی پیڈیا کو بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے گستاخانہ مواد ہٹانے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
دونوں پلیٹ فارمز کی جانب سے پی ٹی اے کے نوٹسز کی عدم تعمیل کی صورت میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016ء اور رولز 2020ء کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔