اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مالی سال 2019-20ء کے لئے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں کیپٹل مارکیٹ میں سرمائے کی تشکیل کو فروغ ، سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائریز کو چھوٹے قرضوں کی آسان فراہمی، مالیاتی شمولیت میں اضافے اور کاروباری آسانیاں فراہم کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔
چیئرمین ایس ای سی پی عامر خان نے رپورٹ میں شائع اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران معاشی نمو کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے بہترین ریگولیٹری ماحول پیدا کرنا، ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے کپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافے کے اقدامات، مارکیٹ کی وسعت اور کارپوریٹ سیکٹر میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ موثر انفورسمنٹ کے لئے اقدمات کئے گئے۔
یہ بھی پڑھیے:
ایس ای سی پی کا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ
ایک ماہ میں دو ہزار سے زائد کمپنیاں ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ
ایس ای سی پی: ایک ماہ میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 26 فیصد اضافہ
ڈیٹا لیک کرنے پر ایس ای سی پی کے 8 افسران کو شوکاز نوٹسز جاری
گزشتہ مالی سال کے دوران سٹاک مارکیٹ میں آئی پی او (ابتدائی عوامی پیشکش) کے قواعد کو سہل اور تمام تر عمل کو ڈیجٹلائز کر دیا گیا ہے ، چھوٹی کمپنیوں کو سٹاک مارکیٹ سے سرمایہ کے حصول کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پی ایس ایکس پر گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ (جی ای ایم) متعارف کروائی گئی ہے ۔
سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے نئی بروکرز رجیم متعارف کروائی گئی ہے، مارجن فنانس پراڈکٹ کو بحال کیا گیا اور کم رسک والے سرمایہ کاروں کےلئے آسان سہولت اکاؤنٹ متعارف کروا دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز اور غیر رجسٹرڈ افراد اور کاروبار وں کو مالیاتی اداروں سے قرض کے حصول میں معاونت دینے کے لئے ڈیجیٹل سیکیورڈٹرانزیکشن رجسٹری متعارف کروائی گئی ہے ۔
چئیرمین ایس ای سی پی عامر خان کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران مرحلہ وار ادارے کی تنظیم نو اور استحکام، کمپنیوں کی رجسٹریشن کے لئے موجودہ ای سروسز کی جگہ جدید بزنس رجسٹری کا قیام، ادارے کے تمام داخلی پراسیس کی اینڈ ٹو اینڈ آٹومیشن اور عوام کو بہترین سروسز کی فراہمی کے لئے سٹاف کی تربیت، استعداد کار میں بہتری اور فیڈ بیک میکنزم فراہم کرنا رواں مالی سال کی ترجیحات میں شامل ہے۔