اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کے نئے ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری دے دی۔
کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس جمعرات کو وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، علی زیدی، محمد میاں سومرو، عمر ایوب، معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر، مشیر تجارت رزاق دائود، معاون خصوصی تابش گوہر، وزارت خزانہ و صنعت و پیداوار کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر نجکاری کی سفارشات اور تجاویز پر پاکستان سٹیل ملز کے ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری دی گئی۔
منظور شدہ ٹرانزیکشن سٹرکچر کے تحت پاکستان سٹیل ملز کو معلوم شدہ بنیادی آپریٹنگ اثاثے سٹیل ملز کے مکمل ذیلی ادارے کو کمپنیز ایکٹ 1917ء کی سکیم آف ارینجمنٹ کے تحت منتقل کرنا ہوں گے۔
اس کے علاوہ نئے قائم شدہ ذیلی ادارے کو سٹرٹیجک پرائیویٹ شعبہ کے شراکت دار کو مکمل ملکیت دیئے بغیر اکثریتی شیئرز کی فروخت کی اجازت ہو گی۔