مشرق وسطیٰ جانے والے محنت کشوں کو دس سالہ پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ

120 دنوں کے اندر ایکسپریس پاسپورٹ کا اجراء کریں گے جس کے ذریعے ایک دن میں پاسپورٹ حاصل کیا جا سکے گا، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

732

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے مشرق وسطیٰ جانےوالے تمام محنت کشوں کو پانچ کی بجائے دس سال کیلئے پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔

جمعرات کو وزیرداخلہ نے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے کئی افسر سالوں سے باہر کے ملکوں میں بیٹھے ہیں، انہیں واپس لایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں احکامات دے دیئے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مشرق وسطیٰ جانے والے محنت کشوں کو پاسپورٹ اور ویزے کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے بہت مشکلات پیش آتی ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تین ہزار فیس میں ہی انہیں دس سال کے لئے پاسپورٹ جاری کیا جائے گا تاکہ انہیں بار بار پاسپورٹ کی تجدید کےلئے چکر نہ لگانے پڑیں۔

یہ بھی پڑھیے:

مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار کتنی رہی؟

سمگل شدہ پٹرول بیچنے والے پمپوں کو سات دن کی مہلت، سخت کارروائی کا عندیہ

وزیر داخلہ نے کہا کہ 28 اپریل سے نیا اور جدید ای پاسپورٹ لانچ کرنے جا رہے ہیں جس میں سارا ڈیٹا ہو گا۔ اس سے پاکستانی پاسپورٹ کی قدر بڑھے گی، یکم جنوری سے 191 ملکوں میں ای پاسپورٹ سروس شروع کر رہے ہیں، آج سے ایس ایم ایس سروس کا آغازکیا جا رہا ہے تاکہ پاسپورٹ کی معیاد ختم ہونے سے پہلے ہی خبردار کر دیا جائے اور شہری بروقت پاسپورٹ کی تجدید کرا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 120 دنوں کے اندر ایکسپریس پاسپورٹ کا اجراء کریں گے جس کے ذریعے ایک دن میں پاسپورٹ حاصل کیا جا سکے گا۔ پاسپورٹس کی ہوم ڈلیوری اسلام آباد میں کی جا رہی ہے، راولپنڈی میں بھی اسے فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ اقتصادی راہدری پر کام کرنے والے چینی شہریوں کو ویزوں کے اجراء کے لئے نظام کو بہتر بنائیں گے۔

ای سی ایل کے حوالے سے سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کابینہ نے ان کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بنائی ہے، اس وقت ایف آئی اے کی بلیک لسٹ میں 66 ہزار اور امیگریشن اور پاسپورٹ کی لسٹ میں 44 ہزار نام موجود ہیں۔

شیخ رشید کے بقول انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ای سی ایل کو محدود کیا جائے اور صرف سنگین جرائم اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کو اس فہرست میں ڈالا جائے، باقی نام نکال دیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے گا، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی معاشی صورت حال خراب ہے کیونکہ چھ چھ ارب کی بجائے دو دو ارب کا بجٹ ملا ہے، ادارے کی معاشی صورت حال بہتر بنائیں گے۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے لئے بڑی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے پٹرول سمگنگ میں ملوث عناصر کو خبر دار کیا کہ سمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے سات دن کے اندر یہ سلسلہ بند کر دیں، ورنہ ان کے پمپ بند کر دیئے جائیں گے۔

فضل الرحمن کی سکیورٹی واپس نہیں لے رہے

مولانا فضل الرحمن کی سکیورٹی سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی سکیورٹی واپس نہیں لی جا رہی، بیس افراد کی فہرست میں ان کا نام سرفہرست ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ان کا کام آگاہ کرنا ہے جو انہوں نے کردیا، ان کے بقول ’کل کو کہیں مجھ پر ہی مقدمے نہ بن جائیں، جیسا کہ بےنظیر کیس میں کیا گیا کہ جن لوگوں نے سلامتی کے خطرات سے آگاہ کیا انہیں ہی نامزد کر دیا گیا۔‘

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here