واشنگٹن: امریکی حکومت کے نیٹ ورک پر اس سال ہونے والی ہیکنگ کی واردات کے دوران ہیکرز نے وزارت خزانہ کے درجنوں اکائونٹس تک رسائی حاصل کی جن میں اعلیٰ حکام کے زیر استعمال اکائونٹس بھی شامل تھے۔
یہ انکشاف امریکی سینیٹر ران وائیڈن نے وزارت خزانہ اور محکمہ ٹیکس اینڈ انٹرنل ریوینیو سروس کی طرف سے امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خزانہ کو اس معاملے پر دی گئی بریفنگ کے دوران کیا۔
سینیٹر وائیڈن نے کہا کہ اگرچہ ہیک کرنے کی کوشش خاصی بڑی تھی لیکن ایسے کوئی اشارے نہیں ملے کہ ہیکرز نے ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کی ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمے کے حکام کو ابھی اس بات کا پورا علم نہیں کہ ہیکرز نے کن معلومات کی چوری کی۔
دریں اثنا ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ ہیکرز نے 40 سے زائد حکومتی اداروں، ٹیکنالوجی اور غیر حکومتی تنظیموں کے نظاموں میں دراندازی کی۔
واضح رہے کہ امریکا کے وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور اٹارنی جنرل ولیئم بار نے کہا ہے کہ ہیکنگ کی اس واردات میں روس ملوث دکھائی دیتا ہے جب کہ روس نے اس سے انکار کیا ہے۔