اسلام آباد: پاکستان نے گروپ 20 بشمول پیرس کلب کے ڈیبٹ سروس سسپنشن انیشی ایٹو (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت فرانس، سوئٹزرلینڈ اور چین کے ساتھ 1.7 ارب ڈالر کے قرضوں کی ری شیڈولنگ کے معاہدوں پر دستخط کر دئیے۔
سوموار کو وزارت اقتصادی امور کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وباء سے موثر طریقہ سے نمٹنے اور طبی مقاصد کیلئے وسائل مختص کرنے میں سہولت فراہم کے ضمن میں گروپ 20 کے رکن ممالک بشمول پیرس کلب نے قرضوں کی معطلی کا اقدام (ڈی ایس ایس آئی) شروع کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
پانچ ماہ میں پی ٹی آئی حکومت نے کتنے ارب ڈالر قرضہ لیا؟
سعودی قرضہ، پاکستان نے مزید ایک ارب ڈالر واپس کر دئیے
حکومتی دعوئوں کے برعکس پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2.3 کھرب تک جا پہنچا
پاکستان میں مائیکرواکنامک استحکام کیلئے 30 کروڑ قرضہ ڈالر قرضہ کی منظوری
حکومت پاکستان نے اس اقدام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پیرس کلب سمیت 21 قرض دینے والے ممالک اور مالیاتی اداروں کے ساتھ 1.7 ارب ڈالر کے قرضہ کو موخر کرنے کیلئے کامیاب مذاکرات کئے۔
وزارت اقتصادی امور نے 21 دسمبر2020ء کو اس ضمن میں فرانس، سویٹزرلینڈ اور چین کے ساتھ قرضوں کی ری شیڈولنگ کے معاہدوں پر دستخط کئے۔ معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب میں متعلقہ ممالک کے سفارت کاروں اور سینئیر اہلکاروں نے شرکت کی۔
وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری نور احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گروپ 20 ممالک اور پیرس کلب کی جانب سے قرضوں کی ری شیڈولنگ کے اقدام کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ گروپ 20 اور پیرس کلب کا یہ اقدام بروقت تھا اور اس سے پاکستان کو اپنے لاکھوں شہریوں کی زندگیوں اور روزگار و معاش کو تحفظ دینے میں بڑی مدد ملی ہے۔