صوبائی حکومتوں کو انڈوں، بناسپتی گھی کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت

640

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے انڈوں اور بناسپتی گھی کے قیمتوں میں اضافہ پر صوبائی حکومتوں کو قیمتوں کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی ) کے اجلاس کی صدارت کر  رہے تھے، اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹر وقار مسعود، وزارت خوراک، تجارت، صنعت وپیداوار کے سیکریٹریز، چئیرمین ایف بی آر محمد جاویدغنی، صوبائی چیف سیکرٹریز، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن، چیئرمین ایس ای سی پی، ایم ڈی پاسکو، چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن، بیوروبرائے شماریات کے ممبران اور وزارت خزانہ کے سینئیر افسران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی کی صورتحال کیا رہی؟

اجلاس میں ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے عمومی رحجان کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ چار ہفتوں سے قیمتوں کے ہفتہ وار حساس اشاریہ میں مسلسل کمی آ رہی ہے، گزشتہ ہفتہ کے دوران افراط زر کی شرح میں 0.22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزیرخزانہ نے انڈوں اور بناسپتی گھی کی قیمتوں میں اضافہ کی نشاندہی کی اور صوبائی حکومتوں کو قیمتوں کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔

وزیرخزانہ نے اس ضمن میں سیکرٹری تجارت کو صوبائی حکومتوں کے نمائندوں اور ایف بی آر سے میٹنگ کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس ضمن میں مزید اقدامات کئے جا سکیں۔

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے سیکرٹری نے اجلاس کے شرکاء کو ملک میں گندم اور چینی کے ذخائر کی صورت حال سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ دونوں اجناس کی فراہمی اور دستیابی میں اضافہ سے صارفین کیلئے ان اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here